سکیورٹی فورسز کا پنجگور میں آپریشن،فتنہ الہندوستان کے 6دہشتگرد ہلاک
دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی، متعدد ٹھکانے تباہ، اسلحہ ،گولہ بارود، گاڑی برآمد کلیئرنس آپریشن جاری:آئی ایس پی آر ، صدر زرداری، شہباز شریف، محسن نقوی کا خراج تحسین
اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع پنجگور میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کر کے فتنہ الہندوستان کے 6 دہشگرد ہلاک اور ان کے متعدد ٹھکانوں کو تباہ کردیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق 3 اور 4 جون کو سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع پنجگور میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، آپریشن بھارتی پراکسی فتنہ الہندستان سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔ سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے متعددٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، آپریشن میں فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 6 دہشت گرد ہلاک ہوئے ۔
ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود، دیسی ساختہ دھماکا خیز آلات (آئی ای ڈیز)اور ایک گاڑی بھی برآمد کی گئی۔ یہ دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں سرگرم طور پر ملوث رہے تھے ۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں کسی بھی دوسرے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری، عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف بلا تعطل کارروائیاں جاری رکھیں گے ۔صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے فورسز کو خراج تحسین پیش کیا، آصف زرداری نے کہا فتنہ الہندوستان اور اس کے سہولت کار پاکستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے میں کامیاب نہیں ہوں گے ، شہباز شریف نے کہا حکومت ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے پر عزم ہے ،محسن نقوی نے کہا دہشتگردی کے خلاف قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے ۔