تیسرا سر پلس بجٹ، پنجاب حکومت نے ریکارڈ بنا دیا، عظمیٰ بخاری
ترقیاتی بجٹ کاغذی اعداد و شمار نہیں بلکہ عملی طور پر زمین پر واضح نظر آ رہا ہے تعلیم، صحت اور سماجی شعبے ، کسان کو بجٹ میں سب سے زیادہ ریلیف حاصل
لاہور(سٹاف رپورٹر)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے تیسرا سرپلس بجٹ پیش کر کے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے ، جو صوبے کی مالی نظم و ضبط، بہتر حکمتِ عملی اور مو ثر گورننس کا واضح ثبوت ہے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ بجٹ میں تعلیم، صحت اور سماجی شعبے کو خصوصی ترجیح دی گئی ہے تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جا سکیں۔ پنجاب کا کسان اس بجٹ میں سب سے زیادہ ریلیف حاصل کرنے والوں میں شامل ہے ، جو حکومت کی زرعی معیشت سے وابستگی کو ظاہر کرتا ہے ۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب کا ترقیاتی بجٹ صرف کاغذی اعداد و شمار تک محدود نہیں بلکہ عملی طور پر زمین پر واضح نظر آ رہا ہے، انہوں نے کہا کہ’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘،’’ستھرا پنجاب‘‘ ،’’ آسان کاروبار‘‘سمیت تمام بڑے فلاحی اور ترقیاتی منصوبے بھرپور انداز میں جاری رہیں گے ، پنجاب میں الیکٹرک بسوں کا جال 147 تحصیلوں تک پھیلایا جا رہا ہے تاکہ عوام کو جدید اور ماحول دوست سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ پنجاب میں ترقی اب صرف بڑے شہروں تک محدود نہیں رہی بلکہ اٹک سے وہاڑی اور رحیم یار خان تک ترقیاتی ثمرات پہنچ چکے ہیں،انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مختصر عرصے میں گزشتہ سالوں کی محرومیوں کا ازالہ کیا جس کے باعث عوامی اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔