11ماہ:آئی ٹی برآمدات 4.2 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں
سالانہ 21فیصد نمایاں اضافہ ریکارڈ،شعبہ مقررہ ہدف کے انتہائی قریب فری لانسنگ، سافٹ ویئر اور فِن ٹیک خدمات نے نمو کو تقویت دی،ماہرین
کراچی(بزنس رپورٹر)ر واں مالی سال کے پہلے 11ماہ(جولائی تامئی)کے دورانآئی ٹی شعبے نے ایک اور اہم سنگِ میل عبور کر لیا جہاں آئی ٹی وآئی ٹی سے منسلک خدمات کی برآمدات 4 ارب 20 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں ۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق جولائی 2025ء سے مئی 2026ء تک آئی ٹی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 21 فیصد نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو ملکی خدماتی برآمدات میں اس شعبے کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے ۔مرکزی بینک کے مطابق مئی 2026ء کے دوران آئی ٹی برآمدات 37 کروڑ 30 لاکھ ڈالر رہیں، اگرچہ یہ حجم تاریخی اعتبار سے مضبوط سطح پر برقرار رہا تاہم سالانہ بنیاد پر اس میں 13 فیصد جبکہ ماہانہ بنیاد پر 12 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق مئی 2026ء میں نیٹ آئی ٹی برآمدات 31 کروڑ 40 لاکھ ڈالر رہیں جو 7 فیصد زیادہ ہیں۔ حکومت نے مالی سال 2025-26ء کیلئے آئی ٹی برآمدات کا ہدف 4 ارب 50 کروڑ ڈالر مقرر کیا تھا جبکہ گیارہ ماہ میں 4 ارب 20 کروڑ ڈالر کی برآمدات حاصل ہونے کے بعد شعبہ ہدف کے انتہائی قریب پہنچ چکا ہے ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ فری لانسنگ، سافٹ ویئر ڈیولپمنٹ، بزنس پراسیس آؤٹ سورسنگ، فِن ٹیک اور ڈیجیٹل سروسز کی بڑھتی ہوئی طلب آئی ٹی صنعت کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے، اگر حکومت پالیسیوں میں تسلسل برقرار رکھے ، ادائیگیوں کے نظام کو مزید سہل بنائے اور آئی ٹی کمپنیوں کو مراعات فراہم کرے تو آئندہ چند برسوں میں آئی ٹی برآمدات 10 ارب ڈالر کے ہدف کی جانب بھی بڑھ سکتی ہیں۔