محرم میں امن وامان کے غیرمعمول انتظامات کررہے : مریم نواز

محرم میں امن وامان کے غیرمعمول انتظامات کررہے : مریم نواز

دعاہے نیا اسلامی سال عالم اسلام کیلئے امن وسلامتی لائے خشک سالی سے زمینیں صحراؤں میںبدل رہی ہیں :پیغامات

لاہور (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہاہے کہ حکومت پنجاب محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے غیر معمولی انتظامات کر رہی ہے، تمام متعلقہ اداروں کو مجالس اور جلوسوں کے دوران فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ حضرت امام حسینؓ کا فلسفہ قربانی ہے ،عوام سے اپیل ہے کہ محرم الحرام کے مقدس مہینے میں اتحاد، برداشت، صبر اور رواداری کو فروغ دیا جائے اور ہر قسم کے اختلافات اور تفرقے سے اجتناب کیا جائے۔

مریم نواز نے نئے ہجری سال 1448ھ کے آغاز پر اپنے پیغام میں دعا کی کہ نیا اسلامی سال پاکستان، پاکستانی قوم، عالم اسلام اور پوری انسانیت کیلئے امن، سلامتی، خوشحالی اور برکتوں کا سال ثابت ہو۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نیا ہجری سال امت مسلمہ کیلئے اتحاد، یگانگت اور باہمی ہم آہنگی کا پیغام لے کر آئے گا اور پاکستان ترقی، استحکام اور امن کی راہ پر مزید آگے بڑھے گا۔اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ محرم الحرام ہمیں نواسئہ رسول حضرت امام حسینؓ اور ان کے جانثار ساتھیوں کی عظیم قربانی کی یاد دلاتا ہے، واقعہ کربلا حق، سچائی، صبر اور استقامت کا لازوال درس دیتا ہے ،حضرت امام حسینؓ کا فلسفہ قربانی ہر دور میں مظلوموں کیلئے حوصلے اور ظالموں کیلئے للکار کی حیثیت رکھتا ہے۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صحرائی پھیلاؤ اور خشک سالی سے نمٹنے کے لیے زرعی تحقیق، جدید ٹیکنالوجی اور مؤثر آبی نظم و نسق کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے ماحولیاتی تحفظ، زمین کی بحالی اور پانی کے دانشمندانہ استعمال کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔صحرائی پھیلاؤ اور خشک سالی سے نمٹنے کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ اس دن کا مقصد بنجر پن، زمین کی زرخیزی میں کمی اور خشک سالی کے تباہ کن اثرات کے بارے میں عوامی شعور بیدار کرنا ہے ۔ موسمیاتی تبدیلیوں اور انسانی سرگرمیوں کے باعث دنیا بھر میں زرخیز زمینیں تیزی سے صحراؤں میں تبدیل ہو رہی ہیں جس سے زرعی پیداوار اور خوراک کے تحفظ کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔ پنجاب حکومت خشک سالی کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں