ایران گیس منصوبہ سے تیل سستا ہونے کا امکان ہے ، رانا ثنا
وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے جو کام کیا وہ نوبیل پیس پرائز سے اوپر کی بات ہے وفاقی کابینہ میں تبدیلی کی باتیں صرف قیاس آرائیاں ہیں،میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد(این این آئی)وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں نے دنیا کو تیسری عالمی جنگ سے بچا لیا ۔صحافی نے استفسار کیا کہ ثالثی کے بعد کیا نوبیل پیس پرائز پاکستان کو ملنا چاہیے ؟رانا ثناء اللہ نے جواب دیا کہ نوبیل پیس پرائز کمیٹی ہی طے کرے گی کہ کسے ملنا چاہیے ۔ جو کام وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل اصم منیر نے کیا ہے وہ نوبیل پیس پرائز سے اوپر کی بات ہے ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ایران پر پابندیاں ختم ہونے سے خطے میں توانائی کے منصوبے آگے بڑھ سکتے ہیں۔ ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبہ بحال ہونے سے توانائی بحران میں کمی کی امید ہے ، توانائی کی فراہمی بہتر ہونے سے گیس اور پٹرول کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ میں تبدیلیوں سے متعلق باتیں صرف قیاس آرائیاں ہیں، وزیراعظم نے اس بارے میں کچھ نہیں کہا۔