آئی جی عدالتی فیصلے پر عمل نہیں کرتے تو کیا توہین عدالت بھگتیں گے؟ اسلام آباد ہائیکورٹ
آواز کم کریں یہ دلائل دینے کا طریقہ نہیں، روسٹرم کے ڈیکورم کا خیال کریں:جسٹس خادم حسین سومرو سٹیٹ کونسل پر برہم 17جون فیصلہ، 20جون تک ترقی بورڈ کا اجلاس بلانا انتظامی و قانونی ٹھیک نہیں تھا:سٹیٹ کونسل، انٹرا کورٹ اپیل پر فیصلہ محفوظ
اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے )اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس خادم حسین سومرو اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل ڈویژن بینچ نے وفاقی پولیس کے ڈی ایس پی کی ریٹائرمنٹ سے قبل محکمانہ پروموشن بورڈ میں غور سے متعلق حکم کے خلاف وفاقی پولیس کی انٹراکورٹ اپیل پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔وفاقی پولیس کی انٹراکورٹ اپیل پر سماعت کے دوران سٹیٹ کونسل نے عدالت کو بتایاکہ عدالت نے 17 جون کو محکمانہ پروموشن بورڈ کااجلاس طلب کر کے درخواست گزار کی ترقی کا جائزہ لینے کا حکم دیا،ڈی ایس پی 20 جون کو ریٹائر ہورہا تھا، محکمانہ پروموشن بورڈ کا اجلاس 12 جون کو ہوچکا ہے ،17 جون کو فیصلہ آیا، 20 جون تک بورڈ کا اجلاس بلانا انتظامی اورقانونی طور پر ٹھیک نہیں تھا۔ جسٹس خادم حسین سومرو نے کہا اگر آئی جی صاحب عدالت کے فیصلے پر عمل نہیں کرتے تو توہین عدالت بھگتیں گے کیا، عدالت نے سٹیٹ کونسل کے اونچا بولنے پر برہمی کا اظہار کیا، جسٹس خادم حسین سومرو نے سٹیٹ کونسل سے کہا کہ آواز کم کریں یہ دلائل دینے کا طریقہ نہیں، روسٹرم کے ڈیکورم کا خیال کریں۔