پاک چین فارماسیوٹیکل کانفرنس، 850 ملین ڈالر کے معاہدے طے

پاک چین فارماسیوٹیکل کانفرنس، 850 ملین ڈالر کے معاہدے طے

دوطرفہ تعاون نئے دور کا آغاز ، خام مال کی مقامی پیداوار شروع ہونے کی توقع صحت کے شعبے میں ہونیوالا یہ سب سے بڑا تجارتی تعاون،مصطفی کمال ،مختار بھرتھ

اسلام آباد (نیوز رپورٹر ) پاک چین بی ٹو بی فارماسیوٹیکل انویسٹمنٹ کانفرنس میں مجموعی طور پر 850 ملین امریکی ڈالر کے معاہدے طے پا گئے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر قومی صحت مصطفیٰ کمال نے گزشتہ روز پریس کانفرنس میں کیا ۔ انہوں نے کہا اب تک 600 ملین امریکی ڈالر مالیت کے 16 تجارتی معاہدوں اور 250 ملین ڈالر کی 80 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے جا چکے ہیں، ان معاہدوں میں 18 ہربل ادویات، ویکسین کی مقامی تیاری، ادویات کے خام مال، میڈیکل ڈیوائسز، کلینیکل ٹرائلز اور ووکیشنل ٹریننگ سے متعلق منصوبے شامل ہیں۔

چینی کمپنیوں کے ساتھ ہونے والے معاہدوں کے بعد خام مال کی مقامی پیداوار شروع ہونے کی توقع ہے ، فارما شعبے میں ہونے والے یہ معاہدے پاکستان کی کاروباری صلاحیت، سرمایہ کاری کے بہتر ماحول اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط ہوتے اقتصادی تعلقات کا ثبوت ہیں۔ چینی صنعتوں کے پاکستان آنے سے ٹیکنالوجی کی منتقلی، مقامی صنعت کی ترقی سمیت ہزاروں نئی ملازمتیں پیدا ہونگی ،پاکستان اور چین کے درمیان فارما شعبے میں تعاون ایک نئے دور کا آغاز ہے اور اس کے ثمرات آنے والی نسلوں تک پہنچیں گے ۔

کانفرنس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت قومی صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ نے کہا کانفرنس میں 850 ملین ڈالر کی شراکت داریوں کو حتمی شکل دی گئی ہے ،پاکستان کی تاریخ میں صحت کے شعبے میں ہونے والا یہ سب سے بڑا تجارتی تعاون ہے ۔انہوں نے سرمایہ کاروں کو یقین دہانی کرائی کہ ریگولیٹری منظوریوں، لائسنسنگ، رجسٹریشن اور دیگر سرکاری مراحل کو ایس آ ئی ایف سی کی نگرانی میں ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا تاکہ معاہدوں پر جلد عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...