حکومت کی معاشی پالیسی صرف پٹرول مہنگا کرنا : سہیل آفریدی
عمران کی مقبولیت برقرار ، 5 اگست کو سیمی فائنل کامیاب بنائیں، فائنل بھی جلد ہوگا کشمیر، بلوچستان اور دیگر علاقوں کے مسائل طاقت نہیں،سیاسی طریقے سے حل کریں
پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے ملک میں جاری سیاسی و معاشی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ کون آپ کو غلط مشورے دیتا ہے ؟ وہ سب سے بڑا بے وقوف ہے ، آؤ عوام کا سامنا کرو ، عوام کا سامنا کرنے سے گریز کرنے والی حکومتیں کبھی کامیاب نہیں ہوتیں، اس لیے حکمرانوں کو عوام کے درمیان آکر اپنی کارکردگی کا جواب دینا ہوگا۔
پشاور یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلسل ریاستی جبر کے باوجود عمران خان کی مقبولیت برقرار ہے ، 5 اگست کو ہم نے سیمی فائنل کامیاب کرنا ہے، اس کے بعد پھر بہت جلد فائنل بھی ہوگا، مزید کہا کہ کشمیر، بلوچستان اور دیگر علاقوں کے مسائل طاقت کے استعمال سے نہیں بلکہ سیاسی اور آئینی طریقہ کار سے حل کیے جانے چاہئیں ، انہوں نے کہا کہ حکومت کی معاشی پالیسی صرف پٹرول مہنگا کرنا ہے۔
وفاق کے پاس معیشت بہتر بنانے کے لیے پٹرول مہنگا کرنے کے سوا کوئی موثر پالیسی نہیں، عمران خان کی حکومت کے خاتمے سے قبل ملکی معیشت 6.1 فیصد کی شرح سے ترقی کر رہی تھی، آج جی ڈی پی گروتھ تقریباً 3 فیصد رہ گئی، قومی قرضہ بھی چند برسوں میں 43 ہزار ارب روپے سے بڑھ کر 76 ہزار ارب روپے تک پہنچ گیا ہے ،انہوں نے بتایا کہ ان کا صوبہ روزانہ 800 ایم ایم سی ایف ڈی سے زائد گیس پیدا کرتا ہے ، آئین کے مطابق اسے گیس کی فراہمی میں ترجیح ملنی چاہیے ، صوبے میں جاری گیس لوڈشیڈنگ ناقابل قبول ہے۔
سہیل آفریدی نے بتایا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے جامعات کی مالی معاونت بڑھا کر 12 ارب روپے کر دی ہے ، 2017ء سے 2024ء تک کے تمام پنشن واجبات یکمشت ادا کیے جا چکے ہیں اور 2024ء سے جون 2026ء تک کے بقایا جات بھی جاری کر دیئے گئے ، وفاقی حکومت کی جانب سے احساس سکالرشپ پروگرام بند کئے جانے کے باوجود خیبرپختونخوا حکومت اسے اپنے وسائل سے جاری رکھے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments