موجودہ نظام سے ترقی کرنیوالے اسے ناکام قرار دے رہے :عظمیٰ

 موجودہ نظام سے ترقی کرنیوالے اسے ناکام قرار دے رہے :عظمیٰ

صوبوں سے متعلق ابھی تک پارٹی قیادت سے مجھے کوئی مؤقف موصول نہیں ہوا پیپلز پارٹی کے ہارے اور مسترد لوگ انتشار ، فتنہ کی سیاست چاہتے :پریس کانفرنس

 لاہور(سٹاف رپورٹر)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ جہاں تک صوبوں سے متعلق معاملات کا تعلق ہے ، اس حوالے سے انہیں ابھی تک پارٹی قیادت کی جانب سے کوئی باضابطہ مؤقف موصول نہیں ہوا، اس لیے وہ اس پر ذاتی رائے نہیں دیں گی، اگر اس معاملے پر سنجیدہ انداز میں بات ہوگی تو پارٹی قیادت ہی اس بارے فیصلہ کرے گی،جس غیر سنجیدہ انداز میں نظام کے خاتمے اور ناکامی کی باتیں کی جا رہی ہیں، وہ خود سوالیہ نشان ہیں۔ جو لوگ اسی نظام کا حصہ بن کر ترقی کرتے رہے ، وہی آج اسی نظام کو ناکام قرار دے رہے ہیں ،جبکہ جن اداروں اور شعبوں کی ذمہ داری ان کے پاس ہے ان کی کارکردگی بھی سب کے سامنے ہے ۔ ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس کرتے انہوں نے مزید کہا کہ آزادکشمیر کے عوام نے خدمت، ترقی اور کارکردگی کی سیاست کو ووٹ دیا ، ہر کشمیری ووٹر پنجاب جیسی ترقی کا خواہاں ہے ،آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن)کو 1 لاکھ سے زائد جبکہ پیپلز پارٹی کو صرف 2 ہزار سے زائد ووٹ ملے ،مسلم لیگ (ن)کے امیدوار بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئے ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے پاس اپنے 18 سالہ دورِ حکومت میں عوام کو بتانے کیلئے کچھ نہیں ،پیپلز پارٹی کو اپنی کارکردگی انتخابی مہم کے آخری مرحلے میں اشتہارات کے ذریعے یاد دلانا پڑی ،پنجاب میں پیپلز پارٹی کے ہارے اور مسترد لوگ انتشار اور فتنہ کی سیاست چاہتے ہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ کشمیر کے انتخابات میں پیپلز پارٹی نے سندھ کے وسائل کا بے دریغ استعمال کیا ، اس کے تین ایم این ایز اسلحے کے ساتھ پولنگ سٹیشنوں میں داخل ہوئے ، پیپلز پارٹی کے بعض ارکان اس حد تک گر چکے کہ وہ پی ٹی آئی پارٹ ٹو بن گئے ۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ جو بار بار کہتے ہیں کہ یہ فارم 47 کی حکومت ہے تو اس کو لات کیوں نہیں مار دیتے ؟ اگر واقعی وہ اپنے دعوے پر یقین رکھتے ہیں تو پھر صدرِ مملکت، گورنرز اور دیگر آئینی عہدوں سے بھی استعفے دلائیں ، پنجاب کی سیاسی صورتحال مکمل طور پر مستحکم ہے ۔ علاوہ ازیں عظمیٰ بخاری نے چیئرمین پیپلز پارٹی کے بیان پر طنزیہ ردعمل کا اظہار کرتے کہا ہے کہ اف ہم ڈر گئے ، اب کیا ہوگا؟۔ واضح رہے بلاول نے کہا ہے کہ میرا مسلم لیگ نواز کے دوستوں کیلئے بس اتنا پیغام ہے کہ آپ کو وہ آواز سنائی دے رہی ہے !!ذرا غور سے سنیں!ٹک ٹاک ٹک ٹاک ،آپ کی الٹی گنتی شروع ہوچکی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...