آزاد کشمیر حکومت بنانے کی پوزیشن میں آچکے،مینڈیٹ چھیننے نہیں دینگے:ن لیگ

آزاد کشمیر  حکومت  بنانے  کی  پوزیشن  میں  آچکے،مینڈیٹ  چھیننے  نہیں  دینگے:ن  لیگ

دھاندلی کے الزامات غلط ،کشمیر میں تاریخ کے شفاف ترین انتخابات ہوئے ،وعدے پورے کرینگے :رانا ثنا اللہ یہاں بھی تعمیر و ترقی کے سنہری دور کا آغاز کرینگے :امیر مقام ،خطاب، بلاول کو فیصلہ قبول کرنا چاہیے :طلال

مظفر آباد،حویلی،اسلام آباد (بیورو رپورٹ ،دنیا نیوز،نیوز ایجنسیاں )مسلم لیگ (ن)کے رہنماء و وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثنا اللہ ، وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ  (ن )حکومت سازی کیلئے مطلوبہ کامیابی حاصل کر چکی ،کسی مائی کے لعل کو عوام کا مینڈیٹ چھیننے نہیں دیں گے ، کشمیری عوام سے کئے وعدے پورے کرنے کا وقت آچکا، پنجاب اور وفاق کی طرز پر یہاں بھی تعمیر و ترقی کے سنہری دور کا آغاز کریں گے ۔ وہ گزشتہ روزآزادکشمیر کے حلقہ ایل اے 17 حویلی میں لیگی امیدوار محسن عزیز کے انتخابی جلسہ سے خطاب کر رہے تھے ۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ، ہم کشمیر ہیں اور کشمیر ہمارا ہے ،مقبوضہ کشمیر کے عوام کی قربانیاں پوری قوم کے لیے قابل فخر ہیں، بھارت کو معلوم ہو چکا ہے وہ پاکستان کا مقابلہ نہیں کر سکتا،بھارت اب مختلف اقدامات کے ذریعے پاکستان کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

فیلڈ مارشل کی قیادت میں مسلح افواج نے بھارت کو عبرتناک شکست دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے انتخابات کے پہلے دو مراحل میں کامیابی حاصل کر چکی جبکہ 45 نشستوں پر مشتمل اسمبلی میں حکومت بنانے کے لیے 23 نشستیں درکار ہیں جبکہ مسلم لیگ (ن)انتخابات کے دو مراحل میں 24 نشستیں جیت چکی ۔وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ اب انتخابی وعدے پورے کرنے کا وقت آ گیا ، مسلم لیگ (ن)کے قائد نواز شریف آزاد کشمیر میں ترقیاتی منصوبوں کی خود نگرانی کریں گے ،مظفر آباد، میر پور کے بعد حویلی نے بھی مسلم لیگ ن کے حق میں فیصلہ سنا دیا، آزاد کشمیر کی تاریخ کے شفاف ترین انتخابات ہوئے ، دھاندلی کے الزامات حقائق کے برعکس ہیں۔

انجینئر امیر مقام نے کہا کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کی حکومت بن چکی،ہم کسی کا حق نہیں چھینیں گے لیکن کسی کو حق چھیننے بھی نہیں دیں گے ، اس حوالے سے کوئی خوش فہمی میں نہ رہے ،عوام کو مبارکباد دینے آیا ہوں کیونکہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن)کی حکومت بن چکی ، ایل او سی سے ملحقہ علاقوں میں سڑکوں اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ایل او سی کے اس پار بسنے والوں کو بھی پیغام دیتے ہیں کہ وہ اکیلے نہیں، ہم ان کا مقدمہ لڑتے رہیں گے ،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں اپنے سے 10 گنا بڑے دشمن کو شکست فاش دی اور 10 مئی کے بعد ایک نیا پاکستان معرض وجود میں آیا، بھارت اب سندور 2 کے تحت کشمیری اور پاکستانی قوم کو آپس میں لڑانے کی سازش کر رہا ، ہم یہ سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔

ادھر اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں لیگی رہنماء و وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام نے پنجاب اور اسلام آباد کی کارکردگی پر ووٹ دیا، بلاول صاحب کو حوصلہ کرکے لوگوں کا فیصلہ قبول کرنا چاہیے ، جس کو آزاد کشمیر الیکشن پر اعتراض ہے وہ شواہد کی بنیاد پر بات کرے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے سارے فارمولے لگا کر دیکھ لیے لیکن روز بروز جماعت سکڑتی جا رہی ہے ،سیاسی فیصلے نہ کرنے کی وجہ سے یہ جماعت اہمیت کھو رہی ہے ،بہنوں کا دل ہے کہ بھائی کے ساتھ کچھ ایسا حادثہ ہو کہ وہ لیڈر بن جائیں، پارٹی کے کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ بہنوں کیساتھ کوئی ہو تو وہ پارٹی پر قبضہ کرلیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...