نئے صوبے وقت کی ضرورت، ملک مزید مضبوط ہو گا ،وزیر صحت

نئے صوبے وقت کی ضرورت، ملک مزید مضبوط ہو گا ،وزیر صحت

غذا ئی کمی سے روزانہ 1300 بچے مر رہے ، ہیلتھ کیئر ایکسپو تقریب سے خطاب

 اسلام آباد (دنیا نیوز) وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا پاکستان میں روزانہ تقریباً 1300 بچے غذائی کمی کے باعث جان کی بازی ہار رہے ہیں۔ پاک فارما ہیلتھ  کیئر ایکسپو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہیلتھ کیئر سسٹم سے وابستہ کمپنیاں ترقی کر رہی ہیں جبکہ گزشتہ سال فارما انڈسٹری کی برآمدات میں 38 فیصد اضافہ ہوا۔انہوں نے کہا حکومت فارما انڈسٹری کے ساتھ کھڑی ہے اور کمپنیوں کو مختلف شعبوں میں ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے بتایا ڈریپ اب تک 85 فیصد ڈیجیٹل ہوچکا ہے ، 9 اکتوبر کو پاکستان میں نیا نظام متعارف کرایا جائے گا اور ادویات پر مؤثر چیک اینڈ بیلنس رکھا جائے گا۔

وفاقی وزیر صحت نے ملک میں نئے صوبے بنانے کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا کہ نئے صوبوں کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے ، قیام پاکستان کے وقت ملک کی آبادی تقریباً ساڑھے 3 کروڑ تھی اور صوبوں کی تعداد چار تھی جبکہ آج آبادی ساڑھے 26 کروڑ تک پہنچ چکی ہے لیکن صوبے اب بھی چار ہیں۔ نئے صوبوں کے قیام سے ملک کمزور نہیں بلکہ مزید مضبوط ہوگا۔ انہوں نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا سہرا فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیراعظم اور ڈپٹی وزیراعظم کو جاتا ہے ۔ دریں اثنا وزیر صحت نے پاکستان ایسوسی ایشن آف لائف سٹائل میڈیسن کے صدر ڈاکٹر ظفر مرزا کے ہمراہ وزارت صحت کے احاطے میں لائف سٹائل میڈیسن ہیلتھ کینٹین کا افتتاح کیا ، انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کینٹین کا مقصد وزارت صحت کے افسران اور ملازمین کو صحت بخش اور متوازن خوراک کی سہولت فراہم کرنا ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...