اقتصادی رابطہ کمیٹی:پٹرولیم ڈیلرز کا منافع بڑھا کر9روپے98پیسے لٹر مقرر کرنے کی منظوری،ہڑتال ملتوی
پیٹرولیم ڈیلرز کے ایک گروپ کی ہڑتال کی دھمکی پر حکومت نے اجلاس طلب کیا، ڈیلرز کا منافع بڑھانے کی منظوری دی گئی پیٹرول ، ڈیزل پر ڈیلرز مارجن1روپے 34پیسے فی لیٹر بڑھا، اس سے قبل مارجن8روپے 64پیسے فی لیٹر تھا
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی حکومت منافع بڑھانے کے لیے پیٹرولیم ڈیلرز کے دباؤ میں آگئی ،پیٹرولیم ڈیلرز کے ایک گروپ کی ہڑتال کی دھمکی پر حکومت نے ای سی سی اجلاس طلب کرکے پیٹرولیم مصنوعات پر مارجن پر نظرثانی کی منظوری دے دی ۔وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں پٹرولیم مصنوعات پر ڈیلرز مارجن میں اضافے کی منظوری دے دی گئی۔اجلاس میں پٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل کے ڈیلرز مارجن پر تفصیلی غور کیا گیا۔ پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے ڈیلرز مارجن میں نظرثانی کی سمری اجلاس میں پیش کی گئی۔ای سی سی نے پٹرولیم مصنوعات کے ڈیلرز مارجن میں نظرثانی کی سمری کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد مارجن بڑھانے کی منظوری دی۔ پیٹرول اور ڈیزل پر ڈیلرز مارجن 9 روپے 98 پیسے فی لیٹر کردیا گیا، اس سے قبل پیٹرول اور ڈیزل پر ڈیلرز مارجن8 روپے 64 پیسے فی لیٹر تھا۔وائس چیئرمین آل پاکستان پیٹرول پمپس اونرز ایسوسی ایشن نعمان بٹ کا کہنا ہے کہ ڈیلرز مارجن بڑھانے پر وزیراعظم اور وزیر پٹرولیم کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔اجلاس میں وفاقی وزراء رانا تنویر حسین، علی پرویز ملک اور احد خان چیمہ شریک ہوئے ، جبکہ متعلقہ وزارتوں کے وفاقی سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔
اس سے قبل وزیر پٹرولیم کی جانب سے یقین دہانی کے بعد پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز نے ہڑتال ملتوی کرنے کا اعلان کیا تھا ۔ اعلان کے مطابق آج ملک بھر میں پٹرول پمپ کھلے رہیں گے ۔کراچی میں پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک خدا بخش نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ملک بھر میں پیٹرولیم ڈیلرز کی جانب سے کل ہونے والی ہڑتال ملتوی کردی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم سے خصوصی منظوری لے کر وزیر پیٹرولیم نے پیٹرولیم ڈیلرز کا منافع مارجن ایک روپے 34 پیسے بڑھانے کا عندیہ دیا ، ملک خدا بخش کا کہنا تھا کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے کوٹہ سسٹم ختم کرنے کے لیے خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دی جارہی ہے ۔دوسری جانب پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے نائب چیئرمین طارق حسن نے کہا کہ پٹرولیم ڈیلرز نے حکومت سے منافع مارجن میں 8 فیصد اضافے کا مطالبہ کیا تھا، جبکہ مہنگائی کی شرح کو مدنظر رکھتے ہوئے اصولی طور پر منافع مارجن میں 4 سے 5 فیصد اضافہ ہونا چاہیے تھا۔ انہوں نے بتایا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ تبدیلی کے نظام کو تبدیل کرکے سات روز تک کیا جا سکتا ہے ، تاہم حتمی فیصلہ وزیراعظم کی سمری کے بعد ای سی سی اور کابینہ کرے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments