قانون کی حکمرانی کیلئے عوامی اعتماد ضروری :چیف جسٹسز
پُرامن، منصفانہ اور خوشحال پاکستان کی تعمیر ہم سب کی ذمہ داری ،جسٹس یحییٰ آفریدی پاکستان بے پناہ قربانیوں کا ثمر :جسٹس امین الدین:جسٹس سعید اکرم، خطاب
اسلام آباد(دنیا نیوز،اے پی پی)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفرید نے کہاہے آزادی آئینی اقدار کی پاسداری اور بنیادی حقوق کے تحفظ کی ذمہ داری بھی ساتھ لاتی ہے ، ریاستی اداروں پر شہریوں کا اعتماد مضبوط بنانا ہماری ذمہ داری ہے ۔چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت جسٹس امین الدین کاکہناہے کہ پاکستان کے پاس بے پناہ وسائل اور مؤثر نظام موجود ہے ، سپریم کورٹ میں یومِ آزادی کے موقع پر پروقار تقریب منعقد ہوئی، جہاں چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے قومی پرچم لہرایا، ہندو پنڈت، مسیحی پادری اور مسلم عالمِ دین بھی پرچم کشائی میں شریک ہوئے ،چیف جسٹس نے سپریم کورٹ کے ملازمین کے بچوں سے ملاقات کی اور تحائف تقسیم کیے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس یحییٰ آفرید ی نے کہا معاشرے کے کمزور اور محروم طبقات کے لیے انصاف قابلِ رسائی، بروقت اور بامعنی ہونا چاہئے ، قانون کی حکمرانی برقرار رکھنے کے لیے اداروں پر عوامی اعتماد مضبوط بنانا ضروری ہے ، ہمیں اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے اصولوں سے وابستگی کی تجدید کرنا ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ پُرامن، منصفانہ اور خوشحال پاکستان کی تعمیر ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔
بعد ازاں چیف جسٹس آف پاکستان ، سپریم کورٹ کے معزز ججز اور بچوں نے یومِ آزادی کا کیک مشترکہ طور پر کاٹا۔مزیدبرآں چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت امین الدین نے پرچم کشائی کی،تقریب میں ملک و قوم کی سلامتی کے لیے دعا کی گئی۔چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت نے خطاب کرتے ہوئے کہاپاکستان کے پاس بے پناہ وسائل اور مؤثر نظام موجود ہے ،پاکستان بے پناہ قربانیوں کا ثمر ہے ، ہمارے اجداد کی قربانیوں کو آنے والی نسلوں تک منتقل کرنا ہے ۔علاوہ ازیں مظفر آباد میں چیف جسٹس سپریم کورٹ آزادکشمیر جسٹس سعید اکرم نے پر چم کشائی کی، تقریب میں سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے ججز نے شرکت کی، چیف جسٹس راجہ سعید اکرم نے کہا پاکستان ایک مضبوط ایٹمی دفاعی طاقت ہے ، آزاد کشمیر میں مقبوضہ کشمیر کے مقابلے میں پاکستان نے بہت کچھ دیا، آزاد کشمیر میں جو بھی آزادی ہے وہ پاکستان کی وجہ سے ہے ۔چیف جسٹس راجہ سعید اکرم نے کہا مقبوضہ کشمیر میں ایک لیفٹیننٹ گورنر نے سب اختیارات اپنے پاس رکھے ہیں، آزاد کشمیر میں پاکستان نے سپریم کورٹ ، ہائی کورٹ اور قانون ساز اسمبلی دی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments