آزادکشمیر اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر پولنگ آج ہوگی
خواتین نشستوں کیلئے 6 امیدوار ، علما و مشائخ کیلئے حافظ طارق ، مظہر سعید میں مقابلہ اسمبلی اجلاس دو بجے طلب ، سپیکر ،ڈپٹی سپیکر کا انتخاب ، اراکین حلف اٹھا ئیں گے
اسلام آباد،مظفر آباد (مانیٹرنگ ڈیسک،بیورو رپورٹ )آزادکشمیر اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر امیدواروں کی دستبرداری کا مرحلہ مکمل ہوگیا ، مخصوص نشستوں پر پولنگ آج ہوگی۔اسمبلی میں خواتین کی 5 مخصوص نشستوں کے لیے 6 امیدوار میدان میں رہ گئے ، شاہین کوثر ڈار نے خواتین کی مخصوص نشست پر کاغذات نامزدگی واپس لے لیے ۔ خواتین کی مخصوص نشستوں پر 7 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے ۔رفعت عابد، زوبیہ خورشید، سحرش قمر، فرزانہ یعقوب، مریم ادریس اور مریم زمان میں مقابلہ ہوگا، علما و مشائخ کی ایک مخصوص نشست پر 2 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا، علما و مشائخ کی نشست پر حافظ طارق محمود اور محمد مظہر سعید آمنے سامنے ہیں۔ٹیکنوکریٹس اور پروفیشنلز کی ایک مخصوص نشست پر بھی 2 ہی امیدوار میدان میں ہیں، سید افتخار گیلانی اور صاحبزادہ ذوالفقار علی ٹیکنوکریٹس کی نشست پر مدمقابل ہیں۔ بیرون ملک مقیم ریاستی باشندگان کی مخصوص نشست پر بلامقابلہ انتخاب مکمل ہوگیا۔خواتین، ٹیکنوکریٹس اور علما و مشائخ کی مخصوص نشستوں پر اسمبلی ہال مظفرآباد میں پولنگ صبح 10 بجے سے دوپہر ایک بجے تک ہوگی۔ ادھر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا پہلا اجلاس آج طلب کرلیا گیا ہے جس میں نو منتخب اراکین حلف اٹھائیں گے جبکہ 7مخصوص نشستوں پر انتخاب بھی ہوگا ۔ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس دن 2 بجے مظفرآباد سول سیکرٹریٹ میں ہوگا ، نئے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے لیے انتخابی عمل کا آغاز بھی اجلاس میں کیا جائیگا ۔
دریں اثنا مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس پارٹی صدر اور متوقع وزیراعظم آزاد کشمیر شاہ غلام قادر کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں متفقہ طور پر ایک قرارداد منظورجبکہ آج ہونے والی سات مخصوص نشستوں کے انتخابات کے حوالے سے بھی حکمتِ عملی مرتب کی گئی۔ پارلیمانی پارٹی نے قائد مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف، وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ نواز شریف کے وژن کے مطابق آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی، آئین و قانون کی بالادستی، میرٹ اور انصاف کی بحالی کے لیے تمام ممکنہ عملی اقدامات کیے جائیں گے ۔قرارداد میں کہا گیا کہ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر نظریہ الحاقِ پاکستان اور ‘‘کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ’’ کے نظریے پر کاربند ر ہے گی ۔ اجلاس نے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ آئندہ حکومت آزاد کشمیر میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے ، رکے ہوئے ترقیاتی عمل کو دوبارہ بحال کرنے اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے جامع پالیسی مرتب کرے گی۔پارلیمانی پارٹی نے حالیہ آزاد کشمیر انتخابات کے انعقاد پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر اور انتظامیہ کو کامیاب انتخابی عمل پر مبارکباد بھی پیش کی۔قرارداد میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج پاکستان کی جانب سے ملک کے اندرونی اور بیرونی دشمنوں کے خلاف اٹھائے گئے اقدامات کی مکمل حمایت کا اظہار کیا گیا اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور مبینہ جنگی جرائم کا نوٹس لے ۔ پارلیمانی پارٹی نے بھارت میں امریکی سفیر کی جانب سے کشمیر کے حوالے سے د ئیے گئے بیان کو مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ تناز ع کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کیا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments