معاشی استحکام سے پائیدار ترقی کی طرف بڑھنے کا وقت آ گیا، احسن اقبال

معاشی استحکام سے پائیدار ترقی کی طرف بڑھنے کا وقت آ گیا، احسن اقبال

2035تک ایک کھرب ڈالر کی معیشت کا ہدف ،برآمدات، جدت پر توجہ دینا ہوگی نوجوانوں کو تعلیم، ہنر روزگار کے مواقع دے کر معاشی تبدیلی کا شراکت دار بنانا ہوگا

اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کو معاشی استحکام سے آگے بڑھ کر پائیدار اقتصادی ترقی، پیداوار میں اضافے ، برآمدات کے فروغ، سرمایہ کاری اور روزگار کے وسیع مواقع کی جانب بڑھنا ہوگا۔ بنیادی چیلنج معیشت میں ایسی مستقل تبدیلی لانا ہے جس سے بار بار آنے والے معاشی بحرانوں کے چکر سے نجات مل سکے ۔وزارت منصوبہ بندی میں ہارورڈ بزنس سکول کے ایم بی اے طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بڑی نوجوان آبادی، جغرافیائی محل وقوع، زرعی و معدنی وسائل اور تیزی سے وسعت پذیر ڈیجیٹل معیشت طویل المدت ترقی کی مضبوط بنیاد ہیں۔ حکومت نے 2035 تک ایک کھرب ڈالر کی معیشت کا ہدف مقرر کیا ہے۔

تاہم حقیقی مقصد قومی پیداواری صلاحیت بڑھانا اور عالمی منڈی کے لیے مسابقتی مصنوعات و خدمات تیار کرنا ہے ۔احسن اقبال نے کہا کہ پیداوار ، معیار اور جدت مستقبل کی مسابقتی صلاحیت کے بنیادی عناصر ہیں، نوجوانوں کو تعلیم، ہنر روزگار کے مواقع دے کر معاشی تبدیلی کا شراکت دار بنانا ہوگا ، نوجوانوں کو معیاری تعلیم، فنی مہارت اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا ناگزیر ہے ۔ مصنوعی ذہانت اور دیگر جدید ٹیکنالوجیز میں پاکستان کو محض صارف کے بجائے تخلیق کار بننا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ قومی معاشی تبدیلی صرف حکومت نہیں کرسکتی، نجی شعبے کو بھی سرمایہ کاری، کاروبار اور جدت میں قائدانہ کردار ادا کرنا ہوگا۔ پالیسیوں کا تسلسل ترقی کی بنیادی شرط ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...