دکانداروں کیلئے آسان ٹیکس سکیم ایپ آپریشنل ہوچکی ،بلال کیانی

دکانداروں کیلئے آسان ٹیکس سکیم ایپ آپریشنل ہوچکی ،بلال کیانی

کراچی (کامرس رپورٹر) وزیر مملکت خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے تاجر اور صنعت کار برادری کے نمائندوں سے تفصیلی ملاقات کی۔

اجلاس میں کراچی، حیدر آباد اور سکھر کی تاجر، دکاندار تنظیموں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر وزیر مملکت کو تاجروں اور دکانداروں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا گیا، جبکہ شرکا کو حکومت کی جانب سے متعارف کرائی گئی آسان ٹیکس سکیم اور اس سے متعلق موبائل ایپ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بلال اظہر کیانی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دکانداروں کے لیے آسان ٹیکس سکیم کی ایپ اب آپریشنل ہوچکی ہے ، یہ سکیم تاجروں اور دکانداروں کے مطالبے پر متعارف کرائی گئی ہے ، جس کا مقصد ٹیکس کے نظام کو آسان اور سہل بنانا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ آسان ٹیکس سکیم کے تحت ملک کے مختلف حصوں میں ایف بی آر اور تاجر نمائندوں کے فوکل پرسنز کا تعین بھی کرلیا گیا ہے تاکہ تاجروں کو رجسٹریشن اور ٹیکس سے متعلق امور میں رہنمائی اور سہولت فراہم کی جاسکے۔

وزیر مملکت کے مطابق دکانداروں کے لیے اردو زبان میں سادہ اور عام فہم فارم بھی تیار کیا گیا ہے تاکہ انہیں ٹیکس نظام میں شمولیت کے دوران مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سکیم کے تحت مال کی فروخت پر دکاندار ایک فیصد ٹیکس ادا کرے گا۔ بلال اظہر کیانی نے مزید کہا کہ آسان ٹیکس سکیم کا حصہ بننے والے دکانداروں کے بلوں میں جو ٹیکس کاٹے جائیں گے ، انہیں بھی قابل ایڈجسٹ کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس عمل کا آغاز اگست میں ہوچکا ہے اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا، حکومت تاجر اور دکاندار برادری کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیکس نظام کو مزید آسان بنانے کے لیے اقدامات کررہی ہے، آسان ٹیکس سکیم سے ملک بھر کے تاجروں اور دکانداروں کو سہولت ملے گی اور انہیں ٹیکس نظام میں شامل ہونے کے لیے ایک سادہ طریقہ کار دستیاب ہوگا۔ اجلاس میں شریک تاجر رہنماؤں نے بھی وزیر مملکت کے سامنے اپنے مسائل اور تجاویز پیش کیں، جبکہ حکومت اور تاجر برادری کے درمیان رابطے مزید مؤثر بنانے پر بھی زور دیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...