فائر سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی ،8عماعتیں سیل ،پولی کلینک،CDAہسپتال کو جرمانہ

فائر  سیفٹی  قوانین  کی  خلاف  ورزی ،8عماعتیں  سیل ،پولی  کلینک،CDAہسپتال  کو  جرمانہ

شہید ملت سیکرٹریٹ، سٹیٹ لائف ،ٹی ڈی اے پی،بیورلے سینٹر،کرائون پلازہ، خداداد ہائٹس پلازہ،انوائے کانٹی نینٹل شامل پمز آتشزدگی نومولود بچوں کی ہلاکتوں کے بعد کارروا ئیاں تیز، دونوں ہسپتالوں کو 7روز میں 5،5لاکھ جمع کرانیکی ہدایت

اسلام آباد (آن لائن،دنیانیوز)سی ڈی اے نے وفاقی دارالحکومت میں فائرسیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر کارروائی کرتے ہوئے 8عمارتیں سیل جبکہ پولی کلینک اور سی ڈی اے ہسپتال کو 5،5لاکھ جرمانہ عائد کر دیا ۔ فائر سیفٹی قوانین کی عدم تعمیل پرسیل کی گئی عمارتوں میں شہیدِ ملت سیکرٹریٹ، اسٹیٹ لائف بلڈنگ، ٹی ڈی اے پی بلڈنگ، بیورلے سینٹر، این آئی سی بلڈنگ، کراؤن پلازہ، خداداد ہائٹس پلازہ اور انوائے کانٹی نینٹل ہوٹل شامل ہیں ، سی ڈی اے نے واضح کیا ہے کہ فائر اور لائف سیفٹی کے معاملے پر کسی قسم کا سمجھو تا نہیں کیا جائے گا۔سی ڈی اے فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈائریکٹوریٹ کے مطابق بلیو ایریا میں واقع عمارتوں کے فائر سیفٹی انتظامات کا تفصیلی معائنہ کیا گیا، مطلوبہ فائر سیفٹی معیار پر عملدرآمد نہ ہونے پر شہید ملت سیکرٹریٹ، سٹیٹ لائف بلڈنگ اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی)کی عمارت کو سیل کیا گیا ، سی ڈی اے کا کہنا ہے کہ فائر سیفٹی قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی گئی ہے اور قواعد و ضوابط کے مطابق کارروائی جاری رہے گی۔دوسری جانب سی ڈی اے فائر سروس نے فائر اینڈ لائف سیفٹی تقاضوں کی خلاف ورزی پر پولی کلینک اور سی ڈی اے ہسپتال کو پانچ، پانچ لاکھ جرمانہ عائد کر دیا۔ فائر سروس کے مطابق دونوں ہسپتالوں کو فائر سیفٹی خامیوں کی نشاندہی کے لئے متعدد بار نوٹس جاری کئے گئے ، تاہم خامیاں دور نہیں کی گئیں۔ ہسپتال انتظامیہ کو سات روز کے اندر پانچ لاکھ روپے جرمانہ جمع کرانے اور اصلاحی اقدامات مکمل ہونے کے بعد تکنیکی و دستاویزی شواہد کے ساتھ کمپلائنس رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا گیا ،سی ڈی اے کے مطابق حالیہ پمز واقعہ کے بعد فائر اور لائف سیفٹی اقدامات کی فوری اہمیت کو مزید اجاگر کیا گیا ، فائر سیفٹی تقاضوں پر عملدرآمد کے بعد دونوں ہسپتالوں کا دوبارہ معائنہ کیا جائے گا، احکامات پر عمل نہ کرنے کی صورت میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...