نئے صوبوں کا معاملہ پہلے بھی اٹھا، ماحول اور تیاری نہ ہو تو تباہی ہوتی ہے: فضل الرحمٰن

 نئے صوبوں کا معاملہ پہلے بھی اٹھا، ماحول اور تیاری نہ ہو تو تباہی ہوتی ہے: فضل الرحمٰن

18ویں ترمیم سے صوبوں کوملنے والے وسائل کچھ لوگوں کو ہضم نہیں ہورہے ،عوام کی رائے کو تسلیم کیا جائے الیکشن میں کسی ادارے کی مداخلت نہیں ہونی چاہیے ،شادی سب کرتے ،بلاول کی کوئی نئی بات نہیں،لاڑکانہ میں گفتگو

 لاڑکانہ(بیورو رپورٹ)جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کا معاملہ پہلے بھی اٹھتا رہا،  ماحول اور تیاری نہ ہو تو تباہی ہوتی ہے ، لاڑکانہ میں گفتگو کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ دنیا کے مختلف ممالک میں صوبے بنتے رہے ہیں لیکن ماحول اور تیاری کے بغیر کیے گئے اقدامات تباہی کا باعث بنتے ہیں، 18ویں ترمیم کے بعد صوبوں کو ملنے والے وسائل بھی بعض لوگوں کو ہضم نہیں ہو رہے ، انہوں نے کہا کہ صوبوں کے معاملے پر غیر سیاسی لوگوں کی زبان سے ایسی باتیں کروائی جا رہی ہیں جن کی کوئی حیثیت نہیں، سیاست میں کوئی حتمی بات  نہیں ہوتی، لڑائی کے بجائے بات چیت ہونی چاہیے ، مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ جے یو آئی پیپلز پارٹی کے خلاف سب سے بڑی تحریک میں بھی رہی اور ایم آر ڈی میں بھی ساتھ رہی جبکہ موجودہ اپوزیشن جماعتیں بھی آپس میں مل کر تجاویز دے رہی ہیں، انہوں نے کہا کہ 2018 اور 2024 کے انتخابات کو تسلیم نہیں کرتے ، تاہم ہمیں عوام کی جانب سے پذیرائی مل رہی ہے۔

انتخابات میں کسی ادارے کی مداخلت نہیں ہونی چاہیے ، عوام کی مرضی اور رائے کو تسلیم کیا جانا چاہیے ، جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ سیاستدان اگر حالات سے سمجھوتہ کرنے کے بجائے اپنے مؤقف پر ڈٹے رہیں اور دوسروں کو سیاسی عمل میں مداخلت کی اجازت نہ دیں تو ہی سیاسی قوت مضبوط ہوسکتی ہے جمہوریت میں یکدم کوئی انقلابی قدم نہیں اٹھایا جاسکتا، مولانا نے ملکی امن و امان اور معاشی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بدامنی نے عوام کی زندگی مفلوج کردی ہے ، تمام فریقوں سے مشاورت کے ذریعے ہی مسئلے کا حل نکالا جاسکتا ہے ، آئینی معاملات پر بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ ملک میں آئین کیخلاف قانون سازیاں کی جارہی ہیں، اسی لیے ان سے اختلاف ہے ۔ ریاست ماں کی طرح ہوتی ہے اور ماں اپنے بچوں کو اکٹھا کرتی ہے ، لڑاتی نہیں، بلاول بھٹو کی شادی سے متعلق سوال پر مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ شادی مجھ سمیت سب نے کی ہوئی ہے ، بلاول کی شادی کوئی نئی بات نہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...