ڈس انفارمیشن کیخلاف مربوط حکمت عملی ضروری :عظمیٰ بخاری
ریاست مخالف بیانئے کا مقابلہ محض ردعمل سے نہیں کیا جاسکتا:اجلاس سے خطاب خودکو پختون کہہ کر پختونوں کو گالی نہ دیں ،پی ٹی آئی رہنماؤں کے بیانات پرردعمل
لاہور (سٹاف رپورٹر)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ ڈس انفارمیشن، نفرت انگیز مواد، منفی پراپیگنڈے اور ریاست مخالف بیانیے کا مقابلہ محض ردعمل سے نہیں کیا جاسکتا، اس کیلئے بروقت، حقائق پر مبنی، مربوط اور فعال حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی۔ تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطے اور مکمل ہم آہنگی کے ساتھ مشترکہ حکمت عملی کے تحت کام کریں۔عظمیٰ بخاری نے انفارمیشن اسٹیئرنگ ریویو کمیٹی کے چوتھے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے مقاصد کے حصول کیلئے محکمہ اطلاعات و ثقافت نے مؤثر اور متحرک کردار ادا کیا ہے ، معرکہ حق کے دوران پاکستان کی کامیابیوں اور قومی بیانئے کو بھی مؤثر انداز میں اجاگر کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر گمراہ کن اور منفی مواد کے باعث نوجوان اور طلبہ خصوصی طور پر متاثر ہوسکتے ہیں، اس لئے ان میں میڈیا لٹریسی اور ذمہ دارانہ ڈیجیٹل رویوں کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔انہوں نے ہدایت کی کہ تعلیمی اداروں میں سکول کونسلنگ اور دیگر متعلقہ فورمز کو مؤثر طور پر شامل کیا جائے اور طلبہ کی آگاہی کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں۔ دریں اثنا عظمیٰ بخاری نے پختونوں سے متعلق تحریک انصاف کے رہنماؤں کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اپنے آپ کو پختون کہہ کر پختونوں کو گالی نہ دی جائے ۔ انہوں نے تحریک انصاف کے رہنماؤں کے مختلف بیانات بھی سوشل میڈیا پر شیئر کئے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments