لیوی اہداف بجٹ میں مختص ،تبدیلی نہیں کرسکتے :وزیر پٹرولیم

 لیوی اہداف بجٹ میں مختص ،تبدیلی نہیں کرسکتے :وزیر پٹرولیم

دنیا کی تاریخ میں ڈیزل اتنا مہنگا کبھی نہیں ہوا، عوام کی تکلیف کا احساس ہے پٹرول کی جو قیمت بنتی ہے عوام کو شفاف انداز میں بتاتے ہیں :کمیٹی کو بریفنگ

 اسلام آباد (دنیا نیوز،این این آئی)وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ دنیا کی تاریخ میں ڈیزل اتنا مہنگا کبھی نہیں ہوا، عوام کی تکلیف کا احساس ہے ۔ مصطفی محمود کی زیر صدارت قائمہ کمیٹی پٹرولیم کے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے وزیر پٹرولیم نے کہا کہ علاقائی کشیدگی کے باعث تیل سپلائی کا بحران ہے ، کشیدگی سے پٹرول، ڈیزل اور خام تیل کی سپلائی متاثر ہوئی، رکن کمیٹی سید نوید قمر نے کہا کہ پٹرولیم لیوی نان ٹیکس ریونیو ہے ، پٹرولیم لیوی پر پارلیمنٹیرینز کا ووٹ نہیں ، پٹرولیم لیوی ایگزیکٹو کے ہاتھ میں ہے۔

وزیر پٹرولیم نے جواب دیا کہ پٹرولیم لیوی کے اہداف بجٹ میں مختص ہیں، ملٹی لیٹرل پارٹنر کے بغیر لیوی کے ہدف میں تبدیلی نہیں کرسکتے ، ہم نے کچھ نہیں چھپایا ہر چیز اوگرا کی ویب سائٹ پر موجود ہے ، پٹرولیم لیوی 80 روپے کی حد تک وصول کی جا رہی۔رکن کمیٹی معین عامر پیرزادہ نے مطالبہ کیا کہ عوام تنگ ہیں تیل کی قیمتوں پر غور کیا جائے ۔وزیر پٹرولیم نے جواب دیا کہ ہمیں عوام کی تکلیف کا احساس ہے ، جو قیمت بنتی ہے عوام کو صاف شفاف انداز میں منتقل ہو رہی، پانچ میں سے چار ریفائنریوں کے ساتھ یورو فائیو فیول تیار کرنے کے معاہدے ہو چکے ، ایک ریفائنری کے ساتھ ابھی معاہدے پر بات چیت جاری ہے۔

نوید قمر نے کہا کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے فارمولے سے نکل کیوں نہیں جاتی؟ 30 روز کی قیمتوں کے فارمولے سے حکومت 15 روز کے فارمولے پر آئی، پھر حکومت آخر میں ایک روز کی بنیاد پر آئی، روزانہ کی بنیاد پر کیوں؟علی پرویز ملک نے کہا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین حکومت نہیں کرتی، اوگرا کرتا ہے ، باقی ملکوں میں تو پٹرول پمپس پر فوج تعینات ہو گئی تھی، ہم نے سپلائی چین بہتر بنائی اور منافع خوری ختم کی، فیول سپلائی چین کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کیا جا رہا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...