گورنر راج کے بعد وفاق اور کے پی ایک پیج پر آگئے :کنڈی
صوابی(این این آئی)خیبر پختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ خیبر پختونخوا میں امن، ترقی اور خوشحالی کا دور آئے۔
اور اس مقصد کے حصول کے لیے ہمیں پوری توجہ اور عزم کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہیے ۔انہوں نے یہ بات صوابی کے علاقے پنج پیر میں جماعت اشاعت التوحید والسنہ کے چار روزہ اجتماع کے آخری روز خطاب کرتے ہوئے کہی، گورنر نے کہا کہ یہ صوبے کی خوش قسمتی ہے کہ گورنر راج کے بعد وفاق اور خیبرپختونخوا ایک پیج پر آگئے ہیں، صوبہ وفاق کے بغیر نہیں چل سکتا اور مسائل کا حل وفاق کے ساتھ مل کر ہی ممکن ہے ۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف مل کر جنگ لڑنی ہے ہم امن چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا گورنر راج کا چھ ماہ کا عرصہ بہت ہے ۔ انہوں نے تجاوزات کے خلاف کارروائی قانون کے مطابق کرنے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ پہلے اس قانون کو خود پر لاگو کروں گا۔ گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ اگر میں غلط ہوں تو تنقید برائے اصلاح میڈیا کا جائز حق ہے ، جبکہ تعلیم، صحت اور اداروں میں انقلاب لانا ہوگا۔گورنر نے کہا کہ ہر کسی پر اعتراض ہو سکتا ہے مگر اداروں پر نہیں ہوسکتا ہے ، خیبرپختونخوا سمیت پورے ملک میں امن کے لیے ایف سی، پولیس اور سکیورٹی اداروں نے جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں، پاکستان، ترکی اور سعودی عرب معاہدے کے بعد آج خوش قسمتی ہے کہ مکہ مکرمہ بیت اللہ شریف اور مدینہ منورہ کی حفاظت بھی پاکستان آرمی کرے گی، صوبے میں جڑ پکڑنے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا، امن بحال کیا جائے گا اور معاشی ترقی و خوشحالی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا جائے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ چھ ماہ کے اندر تمام متاثرہ اضلاع سے دہشت گردی کا خاتمہ ہو جائے گا اور عوام ترقی کی راہ پر گامزن ہوں گے ۔ اس صوبے کے عوام کا اپنے معدنی وسائل پر پہلا حق ہے ، اور صوبے کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کی ضروریات پوری کرنے کے بعد ہی ہم دوسروں کے ساتھ ان معدنی وسائل کے بارے میں بات کر سکتے ہیں ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments