ایران کیساتھ تجارت جزوی بحال، ایل پی جی درآمد شروع
سکیورٹی وجوہات پر بند کی گئی سرحد سے درآمدات اور برآمدات کی اجازت تجارت طویل عرصے تک معطل رہتی تو ایل پی جی بحران سنگین ہوجاتا:تاجر
کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک )بلوچستان کے سرحدی علاقے گبد ریمدان بارڈر پر ایران کے ساتھ سرحدی تجارتی سرگرمیاں دوبارہ بحال ،ایل پی جی درآمد شروع ہو گئی ہے ،سکیورٹی وجوہات پر یہ سرحد دو روز کیلئے بند کی گئی تھی، تاہم اب درآمدات اور برآمدات کی اجازت دیدی گئی ہے ، تاجروں نے اس پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے علاقے کی معیشت اور کاروباری سرگرمیوں کیلئے اہم قرار دیا ہے ،سرحدی تاجروں کے مطابق ایران کے ساتھ تجارت کی محدود بحالی کا عمل 21 اکتوبر سے شروع ہو گیا تھا، تاہم ابتدائی مرحلے میں صرف مخصوص گاڑیوں کو آمدورفت کی اجازت دی گئی تھی، ان میں ترکی اور وسطی ایشیائی ریاستوں کیلئے برآمدی سامان لے جانے والی گاڑیاں اور جلد خراب ہونے والی اشیا کی ترسیل شامل تھی،تاجر رہنماؤں کا کہنا ہے کہ سرحد تاحال مکمل طور پر معمول کے مطابق بحال نہیں ہوئی بلکہ تجارت کو بعض شرائط کے تحت جاری رکھنے کی اجازت دی گئی ہے ۔ ضلع چاغی سے تعلق رکھنے والے تاجر رہنما حاجی شوکت عیسیٰ زئی کے مطابق ملک کی ایل پی جی ضروریات کا بڑا حصہ ایران سے پورا ہوتا ہے ، اس لیے اگر سرحدی تجارت طویل عرصے تک معطل رہتی تو پاکستان کو ایل پی جی کے سنگین بحران کا سامنا کرنا پڑ سکتا تھا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments