نجی ہسپتالوں میں ایڈوانس فیس پر پابندی، بل سینیٹ سے منظور

 نجی ہسپتالوں میں ایڈوانس فیس پر پابندی، بل سینیٹ سے منظور

ہسپتالوں، کلینکس اور لیبارٹریز کو فیسوں کا شیڈول نمایاں طور پر آویزاں کرنا ہوگا غیر فراہم کردہ ٹیسٹ، ادویات،طبی سہولیات کے بل وصول کرنے پر کارروائی ہوگی

اسلام آباد (حریم جدون) نجی ہسپتالوں میں مریضوں سے من مانے اخراجات کی وصولی، پوشیدہ چارجز اور علاج سے پہلے ایڈوانس رقم طلب کرنے کی روک تھام کے لیے بل سینیٹ سے منظور کر لیا گیا۔ اسلام آباد کنزیومر پروٹیکشن ترمیمی بل 2026 کے تحت نجی ہسپتالوں، کلینکس اور لیبارٹریز کو کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ کے دائرے میں لانے کی منظوری دی گئی ۔بل کے متن کے مطابق جان بچانے والے ہنگامی علاج سے پہلے مریض سے کسی بھی قسم کی پیشگی رقم یا ایڈوانس ڈیپازٹ طلب نہیں کیا جا سکے گا۔ مریض کی حالت مستحکم ہونے کے بعد ہی متعلقہ قواعد کے تحت ڈیپازٹ لیا جا سکے گا۔

اس اقدام کا مقصد مالی مشکلات کے باعث مریضوں کو فوری طبی امداد سے محروم ہونے سے بچانا ہے ۔مجوزہ قانون کے تحت نجی ہسپتالوں، کلینکس اور لیبارٹریز کے لیے ڈاکٹروں کی فیسوں اور طبی سہولیات کے نرخ نمایاں طور پر آویزاں کرنا لازمی ہوگا۔ تمام طبی اداروں کو فیسوں کا شیڈول اپنے استقبالیہ اور سرکاری ویب سائٹ پر واضح طور پر فراہم کرنا ہوگا جبکہ ہر مریض کو ٹیسٹ، ادویات اور طبی طریقۂ علاج کی الگ الگ قیمتوں پر مشتمل تفصیلی بل دینا بھی ضروری ہوگا۔بل میں یہ بھی قرار دیا گیا ہے کہ غیر ہنگامی طبی عمل شروع کرنے سے پہلے مریض یا اس کے لواحقین کو علاج کے متوقع اخراجات سے آگاہ کرنا ہوگا۔ غیر معقول کنسلٹیشن فیس، کمرے کے کرائے اور تشخیصی اخراجات وصول کرنے کے علاوہ ایسی ادویات، ٹیسٹ یا طبی سہولیات کے بل دینا بھی ممنوع ہوگا جو مریض کو فراہم ہی نہیں کیے گئے ۔بل کے مطابق ان شرائط کی خلاف ورزی کو غیر منصفانہ تجارتی عمل تصور کیا جائے گا جس کے خلاف قانونی کارروائی کی جا سکے گی۔ قانون سازی کا بنیادی مقصد نجی شعبے میں صحت کی سہولیات کی فراہمی، فیسوں کے تعین،بلنگ کے نظام میں شفافیت لانا اور مریضوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانا ہے ۔اسلام آباد کنزیومر پروٹیکشن ترمیمی بل 2026 سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے پیش کیا۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...