ہائیکورٹ:ڈیپوٹیشن ملازمین کی واپسی کا نوٹیفکیشن روکنے کاحکم
درخواست گزاروں کو موجودہ عہدوں پر کام جاری رکھنے کی ہدایت، حکومت کونوٹس ملازمین کو مستقل ہونے کا قانونی حق حاصل ہو چکا :وکلا،مزیدسماعت نومبرتک ملتوی
اسلام آباد(رضوان قاضی)اسلام آباد ہائیکورٹ نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو ڈیپوٹیشن پر آئے ملازمین کو واپس ان کے بنیادی محکموں میں بھیجنے کے نوٹیفکیشن جاری کرنے سے روکتے ہوئے وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کرکے دو ہفتوں میں رپورٹ اور پیرا وائز کمنٹس طلب کر لیے ،عدالت نے درخواست گزاروں کو موجودہ عہدوں پر کام جاری رکھنے کی ہدایت کی۔جسٹس انعام امین منہاس نے خالد محمود اور دیگر کی درخواست پر سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کیا، جس میں کہاگیا کہ درخواست گزاروں کے وکیل کے مطابق نوٹیفکیشن امتیازی، بلاجواز اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر مبنی ہے ،ملازمین 15 سال سے زیادہ عرصے سے ان محکموں میں خدمات انجام دے رہے ہیں،وکلا کے مطابق ملازمین کو مستقل ہونے کا قانونی حق حاصل ہو چکا ہے ،واپسی کا نوٹیفکیشن انصاف کے اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جاری کیا گیا،اسلام آباد ہائی کورٹ نے مقدمے کی مزید سماعت نومبر 2026 کے لیے ملتوی کر دی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments