سانحہ پشاور ، گورنر کو انکوائری رپورٹ پیش، سکول مالک ذمہ دار قرار
سکول کی عمارت کی تعمیر میں ناقص مٹیریل استعمال کیا گیا ، اراکین انکوائری کمیٹی
پشاور (دنیا نیوز) پشاور سکول سانحے کی انکوائری رپورٹ گورنر خیبر پختونخوا کو پیش کر دی گئی جس میں واقعے کا ذمے دار سکول مالک کو قرار دیاگیا ۔گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیرِ صدارت دیر کالونی سکول حادثے کی انکوائری رپورٹ سے متعلق اجلاس ہوا جس میں حادثے کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی گئی۔اجلاس میں مشیر تعلیم عامر عبداللہ، چیف سیکرٹری ڈاکٹر فخر عالم عرفان، سیکرٹری تعلیم عنایت اللہ وسیم اور انکوائری کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی، انکوائری کمیٹی نے گورنر کو دیر کالونی سکول حادثے کی انکوائری رپورٹ پیش کی ، انہیں حادثے کی وجوہات، متعلقہ افسران کے بیانات، محکموں کی ذمہ داریوں، انکوائری کمیٹی کے نتائج اور سفارشات پر بریفنگ دی گئی۔انکوائری رپورٹ میں سکول کی عمارت کی تعمیر میں ناقص مٹیریل کے استعمال پر سکول مالک کو ذمہ دار قرار دیا گیااور متعلقہ محکموں کی جانب سے غفلت برتنے کے حوالے سے بھی گورنر کو آگاہ کیا گیا۔ گورنر نے ہدایت کی کہ انکوائری رپورٹ کے قانونی پہلوؤں کا جائزہ لینے کیلئے محکمہ قانون سے مشاورت کی جائے اور حادثے کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments