مولانا پی ٹی آئی سے مل گئے توحکومت کیلئے مشکل :سیٹھی
ان کی سپورٹ بیس زیادہ مضبوط ، ٹی ایل پی سمجھنے کی غلطی نہ کریں بات بگڑنے سے قبل معاملہ جلد حل کیا جائے :آج کی بات سیٹھی کیساتھ
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سینئر تجزیہ کار نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن،ان کے بیٹے اورفیملی پر جو کاؤنٹر اٹیک آیا ہے یہ بڑا تفصیلی کاؤنٹر اٹیک ہے ،ہرقسم کی چیزوں کے اوپرفائلیں کھلنی شروع ہوگئی ہیں، کراچی میں فائلیں کھل گئیں،ادھرفائلیں کھل گئیں ،یہاں تک کہ جس گھر میں مولانا رہ رہے ہیں،الزام لگ رہے ہیں یہ آپ کا گھر ہے مگر کسی اور کے نام پر ہے ۔پروگرام آج کی بات سیٹھی کیساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا سوشل میڈیاپر مولانا کیخلاف مہم بہت تیز ہو گئی ہے ،حالانکہ مولانا، ان کی جماعت کے لوگ خاموش ہیں، جوانہوں نے پہلے بات کی تھی اس کے بعد انہوں نے کوئی بات نہیں کی۔ سوال یہ ہے کہ کیا یہ دباؤ ڈالنے کی کوشش ہے یا بات اس سے آگے بڑھ جائے گی،میراخیال تھا کہ یہ بات آگے نہیں بڑھے گی۔ انہوں نے فیصلہ کیا کہ بات تھوڑی بہت آگے بڑھنی چاہئے تاکہ پتا چلے کہ ہم سیریس ہیں اور ناراض ہیں،سوال یہ ہے کہ اب مولانا کیا کریں گے۔
مولانا نے پہلے ہی اناؤنس کردیا ہے یا کرنے والے ہیں، اب وہ اسلام آباد کے اندر کچھ کنونشن کریں گے ،یعنی وکلا،سٹوڈنٹس، بزنس مینوں کا کنونشن کریں گے ،جس کے ساتھ معاملہ چلتا رہے گا، مولانا کا مؤقف آتا رہے گا، ایک کاؤنٹرمومنٹم بن جائے گا،یہ دکھانا مقصد ہوگا کہ ہم بھی خاموش نہیں، لوگ ہمارے ساتھ ہیں، دوسرا یہ ہے کہ کراچی میں مولانا بہت بڑا پروگرام کرنے جارہے ہیں،اگر مولانا اور پی ٹی آئی اکٹھے ہوجاتے ہیں تو وفاقی اور کے پی حکومت کیلئے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں، اگر وفاقی حکومت کوئی کارروائی کرے گی تو اس کے نتائج سخت نکلیں گے ،میں یہی کہوں گا کہ مولانا پر اتنا زیادہ پریشر نہ ڈالیں کہ مولانا پی ٹی آئی کے ساتھ مل جائے ،دونوں ایک کنٹینر پر کھڑے ہوجائیں۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ مولانا کے خلاف جو مہم چل رہی ہے وہ بند ہوتی ہے یا نہیں،اگر مہم آگے بڑھی اور مولانا کا نقصان ہوگیا، کسی قسم کا فزیکل،مولانا کی کوئی پراپرٹی ضبط کرلی جاتی ہے ، اسلام آباد میں مولانا کی رہائش کے باہر سکیورٹی کیبن ہے ،اس کوحکومت نے توڑا تو مولانا چپ نہیں رہیں گے ،اسی طرح پشاورمیں مفتی محمود مرکز ہے ،وہاں کوئی آپریشن کیا تویہ چیزیں پرسنل بن جاتی ہیں، مجھے ڈر ہے اس بات کا یہ جو سیاسی جنگ ہے ،ذاتی انتقام تک نہ آجائے ،کل اگر مولانا یاان کے کارکنوں کی طرف سے جوابی کارروائی آجائے تو یہ بات بہت بگڑ جائے گی،میں سمجھتا ہوں کہ اس معاملہ کو جلدی حل کیا جائے ،ان کے اندر ایک سوچ ہے کہ مولانا کیا چیز ہے ، بہت ہوگیا ہے ،مولانا بلیک میلر ہے ،ہم نے ٹی ایل پی کی چھٹی کرادی ہے ،ہم ادھر کرسکتے ہیں، مولانا کو بھی کرسکتے ہیں،میں سمجھتا ہوں کہ اس قسم کی سوچ بہت خطرنا ک ہے ،مولانا کو ٹی ایل پی سمجھنے کی غلطی نہ کریں، ان کی سپورٹ بیس زیادہ مضبوط ہے ،ٹی ایل پی ایک دو لیڈرز پرچلتی تھی، جے یوآئی ایک تاریخی سیاسی جماعت ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments