پنجاب میں کرپشن کی فائلیں نہیں الماریاں بھرگئی ہونگی :سالک

پنجاب میں کرپشن کی فائلیں نہیں الماریاں بھرگئی ہونگی :سالک

قیصر احمد شیخ نے نظام سے متعلق جو باتیں کیں وہ حقیقت اور سچ پر مبنی ہیں پنجاب کے سب سے بہترین وزیراعلیٰ پرویز الٰہی ہی تھے :وفاقی وزیر،انٹرویو

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیزچودھری سالک حسین نے کہا ہے کہ پنجاب میں کرپشن کی فائلیں نہیں الماریاں بھرگئی ہوں گی ۔نجی ٹی وی کو انٹرویو میں انہوں نے ملک کے موجودہ سیاسی و انتظامی نظام اور پنجاب حکومت کی کارکردگی پر شدید تنقید کرتے کہا کہ قیصر احمد شیخ نے نظام سے متعلق جو باتیں کیں وہ حقیقت اور سچ پر مبنی ہیں ،میرے پاس شواہد تو نہیں مگر پنجاب میں کرپشن کی کہانیاں روز سنتا ہوں، وہاں کرپشن کی فائلیں نہیں بلکہ الماریاں بھر گئی ہوں گی۔ سالک حسین نے صوبائی بجٹ کی تقسیم پر سوال اٹھاتے کہا کہ پنجاب کا سارا بجٹ لاہور چلا جاتا ہے اور پھر ان کی مرضی ہے کیسے تقسیم کریں، جس ضلع میں ان کے لوگ نہیں جیتے وہ پورا ضلع محروم رہتا ہے ۔نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے انہوں نے کہا کیا کوئی چاہے گا کہ بڑے محل سے نکل کر 10 مرلے کے گھر میں آ جائے ؟ ،جہازوں اور شاہانہ اخراجات پر احساس کرنا چاہیے اور ملک کے حالات کو دیکھ کر کام کرنا چاہیے ، جہاز کا ذاتی استعمال نہیں ہونا چاہیے ۔چودھری سالک حسین نے بیوروکریسی اور سسٹم کے اندر موجود مسائل کی نشاندہی کرتے کہا سسٹم میں بلاوجہ سپیڈ بریکر بنائے گئے ہیں، کچھ لوگ کسی اور کے ایجنڈے پر کام کر کے ملک کی ترقی روک رہے ہیں، اداروں کو ایسے لوگوں کی نشاندہی کرنی چاہیے ۔انہوں نے کہا ہاتھ پاؤں باندھ کر کہیں کہ دوڑ لگاؤ اور پھر پوچھیں تم دوڑ کیوں نہیں رہے ؟ حل یہ ہے کہ وزرا کو بااختیار بنائیں اور پھر ان سے نتائج لیں۔ انہوں نے کہا جب سے میں نے ہوش سنبھالا ہے ، پنجاب کے سب سے بہترین وزیراعلیٰ پرویز الٰہی ہی تھے ، پرویز الٰہی کی رہائی میں چودھری شجاعت حسین کا بہت بڑا کردار تھا۔ 

 

 

 

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...