پنجاب اسمبلی :ڈرامیٹک اینڈ تھیٹریکل پرفارمنسز سمیت 8بل منظور

پنجاب اسمبلی :ڈرامیٹک اینڈ تھیٹریکل پرفارمنسز سمیت 8بل منظور

اپوزیشن کی جانب سے پیش کی گئی تمام ترامیم مسترد ،تھیٹر بل پر طویل بحث، سخت جملے فنکاروں کو جرمانے کرنے اور رجسٹریشن لازمی قرار دینے سے مشکلات ہونگی :وقاص محمود

لاہور(سیاسی نمائندہ)پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں دی پنجاب ڈرامیٹک اینڈ تھیٹریکل پرفارمنسز بل 2026 سمیت آٹھ بل کثرت رائے سے منظور کر لیے گئے ، اپوزیشن کی جانب سے پیش کی گئی تمام ترامیم مسترد کر دی گئیں، جبکہ اجلاس کے دوران اپوزیشن نے تین مرتبہ  کورم کی نشاندہی کی تاہم حکومت ہر مرتبہ کورم پورا کرنے میں کامیاب رہی۔ ایوان میں تھیٹر بل پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان طویل بحث ہوئی اور ارکان کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔ اجلاس کے آغاز پر اپوزیشن رکن وقاص محمود مان نے دو تحریک التوا ایجنڈے پر نہ لانے کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ ایک تحریک پنجاب حکومت کے جہاز جبکہ دوسری تشہیری اخراجات سے متعلق تھی۔ سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ کوئی بھی تحریک ایوان میں آنے سے پہلے ان کی اجازت لازم ہے اور اسمبلی قانون انہیں یہ اختیار دیتا ہے ، غیر مجاز قرار دی گئی تحریک پر چیمبر میں گفتگو ہو سکتی ہے ۔

اپوزیشن رکن وقاص محمود نے کہا کہ بل کے تحت تقریبات کے انعقاد کے لیے رجسٹریشن اور 15 روز قبل اجازت لینا لازمی قرار دیا جا رہا ہے ۔ اپوزیشن رکن اعجاز شفیع نے کہا کہ فنکاروں پر بھاری جرمانے عائد کرنے اور رجسٹریشن لازمی قرار دینے سے ان کے لیے مشکلات پیدا ہوں گی۔ وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری نے کہا کہ حکومت تھیٹر پر پابندی نہیں لگا رہی بلکہ اسے ریگولیٹ کرنا چاہتی ہے ، بحث کے دوران وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری اور اپوزیشن ارکان کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔ اس کے علاوہ پنجاب اسمبلی میں صوبائی موٹر گاڑیاں (تیسری ترمیم) بل 2026، دی سٹیمپ (دوسری ترمیم) بل 2026، دی پبلک سیکٹر یونیورسٹی (دوسری ترمیم) بل 2026 اور دی پبلک سیکٹر میڈیکل یونیورسٹی (دوسری ترمیم) بل 2026 بھی کثرت رائے سے منظور کیے گئے ۔ مجموعی طور پر اجلاس میں آٹھ بل منظور ہوئے ۔ ایجنڈا مکمل ہونے پر پینل آف چیئرمین سمیع اللہ خان نے اجلاس جمعرات کی صبح ساڑھے گیارہ بجے تک ملتوی کر دیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...