پٹرول ، ڈیزل کی قیمتیں کم کرکے عوام کو بڑا ریلیف دیا:اسحاق ڈار
عالمی چیلنجز کے باوجود عام آدمی پر مالی بوجھ کم کرنے کیلئے اقدامات جاری رکھیں گے پاک بنگلہ دیش سوچ کا تبادلہ دونوں ملکوں کیلئے سود مند ثابت ہو سکتا ،وفد سے گفتگو
اسلام آباد(دنیا نیوز، نیوز ایجنسیاں )نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پٹرول 133 ، ڈیزل میں 162 روپے فی لٹر کمی کرکے عوام کو بڑا ریلیف دیا ،سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس ’ پر اپنے پیغام میں اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ایران امریکا تنازع کے دوران پٹرول کی قیمت 458 روپے اور ڈیزل کی قیمت 520 روپے فی لٹر تک پہنچ گئی تھی ، حکومتی اقدامات اور عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کے باعث آج پٹرول 325 اور ڈیزل 358 روپے فی لٹر ہے ، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت نے پٹرولیم پالیسی میں اصلاحات اور دیگر اقدامات کے ذریعے عوام کو ریلیف فراہم کیا، سبسڈی سکیم سے مستفید ہونے والوں کی تعداد ایک کروڑ 60 لاکھ سے تجاوز کر گئی ، عالمی چیلنجز کے باوجود عام آدمی پر مالی بوجھ کم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھیں گے ، دریں اثنا فاضل چینی کی برآمد سے متعلق کابینہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے نائب وزیراعظم نے کہا کہ حکومت عام شہریوں کو سہولت فراہم کرنے اور صارفین کے مفادات کے تحفظ کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کرنے کے لئے پْرعزم ہے۔
اجلاس میں ملک بھر میں چینی کی مجموعی طلب اور رسد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ،نائب وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مقامی منڈیوں میں قیمتوں کا استحکام برقرار رکھا جائے ،علاوہ ازیں نائب وزیراعظم کی زیر صدارت دفتر خارجہ میں اجلاس میں آئندہ ہونے والے اعلیٰ سطح کے غیر ملکی دوروں اور کثیرالجہتی سرگرمیوں کے حوالے سے تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ٹھوس نتائج کے حصول کے لیے بروقت اقدامات اور متعلقہ ممالک کے حکام کے ساتھ قریبی رابطہ کاری کو یقینی بنائیں ، مزید برآں نائب وزیراعظم نے بنگلہ دیش کے 35 سینئر سول سرونٹس پر مشتمل وفد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان باہمی احترام، اعتماد اور خیر سگالی کے جذبے کے تحت بنگلہ دیش کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے پرعزم ہے ، نائب وزیراعظم نے کہا کہ ایسے وفود اور ملاقاتوں سے دوطرفہ تعلقات کو وسعت ملے گی ، پاکستان بنگلہ دیشی طلبہ کو تعلیمی وظائف فراہم کر رہا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ خیالات اور سوچ کا تبادلہ دونوں ملکوں کیلئے سود مند ثابت ہو سکتا ہے ، بنگلہ دیشی وفد کے دورے سے ایک دوسرے سے سیکھنے کا موقع ملے گا،اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے بنگلہ دیشی وفد کے اراکین کیلئے پاکستان میں ایک ثمر آور اور یادگار قیام کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments