کرکٹ کے بازار میں بھارتی تعصب کی بولی لگ گئی

کرکٹ کے بازار میں بھارتی تعصب کی بولی لگ گئی

شعیب ملک 4اور فہیم اشرف 2کروڑکے حقدار،معروف کرکٹ ویب سائٹ کے سروے میں فرنچائزوں نے عامر کی رفتار ،حسن کی یلغار ،شعیب کی عیاری اور فہیم کی تیاری کی کھل کر تعریف کردی

10سال سے سیاسی زنجیروں میں جکڑی آئی پی ایل فرنچائزیں پاکستانی کرکٹرز کی کارکردگی سے متاثر، نوجوان لیگ سپنر شاداب خان ، فاسٹ با ؤلر حسن علی اور عامر کی 3سے 6کروڑ روپے قیمت لگادی دبئی ،ممبئی(سپور ٹس ڈیسک)کرکٹ کے بازار میں بھارتی تعصب کی بولی لگ گئی ،10سال سے سیاسی زنجیروں میں جکڑی آئی پی ایل فرنچائزیں پاکستانی کھلاڑیوں کی کارکردگی سے متاثر ہیں جنہوں نے لیگ سپنر شاداب خان ،آل راؤنڈ رحسن علی اورپیسر عامر کی 3سے 6کروڑ روپے قیمت لگا دی ہے ،معروف کرکٹ ویب سائٹ کے سروے میں فرنچائروں نے شعیب ملک کو 4اور فہیم اشرف کو 2کروڑکا حقدار قرار دیاجہاں عامر کی رفتار ،حسن کی یلغار ،شعیب کی عیاری اور فہیم کی تیاری کی کھل کر تعریف بھی کی گئی ۔تفصیلات کے مطابق انڈین پریمیئر لیگ میں اگر پاکستانی کرکٹرز شامل ہوتے تو سب سے زیادہ اہمیت اور قیمت لیگ سپنر شاداب خان کی ہوتی۔بھارت اور پاکستان کے درمیان سیاسی کشیدگی نے کھیلوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور بھارتی ہٹ دھرمی کے باعث پاکستانی کرکٹرز 2008 کے بعد سے اب تک آئی پی ایل کا حصہ نہیں بن سکے تاہم کرکٹ کی معروف ویب سائٹ کرک انفو نے پاکستانی کرکٹرز کی اہمیت کے حوالے سے ایک رپورٹ شائع کی ہے ۔رپورٹ کے مطابق ویب سائٹ نے سروے کرتے ہوئے آئی پی ایل کی مختلف فرنچائزوں کے سامنے چند سوالات رکھے ،مثلاًاگر پاکستانی کھلاڑی آئی پی ایل میں ہوتے تو سب سے زیادہ اہمیت کس کھلاڑی کی ہوتی، کونسے کھلاڑی کس پوزیشن پر کھیلتے اور سب سے زیادہ کس کرکٹر کی قیمت ہوتی،سروے میں فرنچائزوں نے 5پاکستانی کھلاڑیوں کو منتخب کیا ۔فرنچائزوں کی نظر میں شاداب خان وہ کھلاڑی ہیں جو تنہا ہی میچ جتواسکتا ہے کیونکہ وہ میچ کے کسی بھی مرحلے میں باؤلنگ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اس لئے ان کی قیمت 5 سے 6کروڑ بھارتی روپے ہے ،یاد رہے کہ شاداب خان اب تک 6.31 کے اکانومی ریٹ سے 43 ٹی 20میچوں میں 58 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں ،فاسٹ باؤلر حسن علی دوسرے کھلاڑی ہیں جو آئی پی ایل فرنچائزو ں کی نظر میں ہیں اور ان کی حالیہ کارکردگی کے باعث ان کی قیمت 3سے 5کروڑ بھارتی روپے لگائی گئی ہے ۔حسن علی پشاور زلمی، کومیلا وکٹورینز اور سینٹ کٹس کی طرف سے کھیلتے ہیں۔ فرنچائزوں کا کہنا ہے کہ اگر کسی فاسٹ با ؤلر کے پاس عامر جیسی رفتار ہو تو وہ فرنچائز کے لئے ’’ہاٹ پراپرٹی‘‘ہوگا کیونکہ ان کے پاس تیز گیند بازی کے ساتھ گیند کو ہوا میں سوئنگ کرنے کی صلاحیت بھی ہے جو کسی بھی بلے باز کے لئے مشکل کھڑی کرنے کے لئے کافی ہے ۔محمد عامرکی قیمت 3 سے 6 کروڑ بھارتی روپے لگائی گئی ہے ۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے سینئر ترین کھلاڑی شعیب ملک بھی آئی پی ایل فرنچائزوں کیلئے بہت اہم ہیں جو ان کی فٹنس اور ذہانت سے متاثر دکھائی دیتی ہیں۔شعیب ملک کی صلاحیتوں کی وجہ سے فرنچائز مالکان نے ان کی قیمت 2سے 4 کروڑ روپے لگائی ہے ۔آل راؤنڈر فہیم اشرف کو ابھرتا ہوا ٹیلنٹ قرار دیا گیا ہے کیونکہ وہ ٹی 20 کرکٹ کیلئے بہترین ہتھیار ہیں ،اس فارمیٹ میں ایسے کھلاڑیوں کی اشد ضرورت ہوتی ہے جو با ؤلنگ کیساتھ ساتھ اچھی بیٹنگ بھی کرسکیں۔ اور فہیم اشرف میں یہ تمام صلاحیتیں موجود ہیں ،فرنچائزوں نے پاکستانی آل راؤنڈر کو مستقبل کی سرمایہ کاری کہتے ہیں دو کروڑروپے تک خریدنے پر آمادگی ظاہر کی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں