پی سی بی کی جانب سے کپتان سرفراز احمد کی درخواست مسترد

پی سی بی کی جانب سے کپتان سرفراز احمد کی درخواست مسترد

بھارت کیخلاف میچ میں وکٹوں کے حصول پر مختلف انداز سے جشن منانا چاہتے تھے ،ذرائع

کراچی(اسپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے قومی کپتان سرفراز احمد کی درخواست مسترد کردی گئی جو 16 جون کو مانچسٹر میں ورلڈ کپ میچ کے دوران بھارت کیخلاف وکٹوں کے حصول پر مختلف انداز سے جشن منانے کی خواہش رکھتے تھے تاکہ بھارتی ٹیم کو موثر جواب دیا جائے جس نے رواں برس مارچ میں آسٹریلیا کیخلاف رانچی میں فوجی کیپس پہن کر شرکت کی تھی۔پی سی بی نے اس واقعے کے بعد اس بارے میں آئی سی سی سے شکایت کرتے ہوئے بھارتی ٹیم کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا لیکن گورننگ باڈی نے اس بات کی وضاحت کردی تھی کہ بی سی سی آئی نے اس بابت پہلے ہی اجازت طلب کرلی تھی۔ذرائع کے مطابق پی سی بی نے پاکستانی ٹیم کی جانب سے کی جانے والی حالیہ درخواست مسترد کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ان معاملات کے بجائے کرکٹ پر توجہ مرکوز رکھی جائے ۔یاد رہے کہ بھارتی ٹیم کی حرکت پر پاکستان کے سابق اور حالیہ کھلاڑیوں نے بھی کڑی تنقید کی تھی کہ پڑوسی ملک کے پلیئرز کھیل میں سیاست کی آمیزش کر رہے ہیں تاہم پی سی بی نے واضح کردیا کہ ان کا ایسا کوئی قدم اٹھانے کا ارادہ نہیں ہے ۔ذرائع کے مطابق پی سی بی حکام نہیں چاہتے کہ پڑوسی ملک سے تعلقات مزید خراب ہوں جو حالیہ برسوں میں کافی کشیدہ رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں