’’خبردار۔۔۔۔ کیمرے کی آنکھ آپ کو دیکھ رہی ہے‘‘ ان الفاظ پر مشتمل مختصر مگر خوف زدہ کر دینے والی یہ عبارت آپ کو پاکستان بھر کی سڑکوں، مارکیٹوں ،سرکاری اور غیر سرکاری عمارتوں اور حکومتی دفاتر کے باہر یا ان کے ارد گرد کسی نہ کسی جگہ پر لکھی ہوئی ضرور دکھائی دیتی ہو گی۔ ان الفاظ پر مبنی یہ انتباہی بورڈ لکھنے اور پھر اسے دفاتر اور مارکیٹوں کے باہر جگہ جگہ نصب کرانے والوں کا مقصد غالباََ اس سے یہ ہے کہ وہ لوگ یا گروہ جو لوٹ مار کرنے کے لیے یا کسی بھی قسم کی دہشت گرد ی اور تخریب کاری کی نیت سے اس دفتر یا مارکیٹ کونشانہ بنانا چاہتے ہیں ان کو وہاں آتے ہی خبردار کردیا جائے کہ دیکھو بھائی صاحب ہمارے اس دفتر ، مار کیٹ اور بازار میں بم دھماکے کرنے یا ڈاکے کی نیت سے آپ آتو گئے ہو لیکن اب کچھ ہوش کے نا خن لو‘ ظاہر ہے کہ تم اندھے بھی نہیں ہو‘ شکل و صورت سے پاگل بھی دکھائی نہیں دیتے‘ اس لیے سامنے والی دیوار اور اس کے سامنے لگے ہوئے کھمبے کے ساتھ لٹکا ہوا بورڈ تمہیں صاف نظر آ رہا ہو گا اور ان پر موٹے موٹے لفظوں سے لکھی ہوئی تحریر کو بھی تم آسانی سے پڑھ سکتے ہو‘ یہ بورڈ ہم نے نمائشی طور پر نہیں اور نہ ہی فیشن کے طور پر یہاں لگایا ہوا ہے بلکہ ہم نے آپ جیسے لوگوں کی سہولت کے لیے موٹے موٹے لفظوں میں خوش خطی سے یہ بورڈ لکھ کرلگا دیئے ہیں تاکہ اگر تمہاری یا تمہاری طرح کسی اور ڈاکو یا دہشت گرد کی دور کی نظر کمزور ہو تو وہ بھی اس عبارت کو آسانی سے پڑھ سکے۔ ہمارے پیارے ڈاکو اور دہشت گرد بھائی اگر اس طرح کے کام کرنا شروع ہو گئے ہو تو ان کاموں کے کچھ طور طریقے بھی سیکھو‘ ورنہ کسی دن بے خبری میں مارے یا پکڑے جائو گے اور پھر ساری عمر جیل میں سڑتے رہو گے۔ ارے با با کسی بھی جگہ بم رکھنے سے پہلے کسی دیوار یا بجلی اور ٹیلی فون کے کھمبے کے ساتھ لٹکائے گئے بورڈ کی طرف اچھی طرح دیکھ لیا کرو بلکہ یہاں سے جانے کے بعد اپنے ساتھیوں کو بھی بتا دو کہ نادانو ۔۔۔ مارکیٹوں کے با ہر‘ سڑکوں پر‘ ریلوے اسٹیشنوں اور بہت سی سرکاری اور نجی عما رتوں کی دیواروں، کھمبوں، کھڑکیوں کو خالی نہ سمجھو کیونکہ ان میں کیمرے نصب کیے گئے ہیں اور ان کیمروں کی باہر کی طرف نکلی ہوئی آنکھیںتمہیں دیکھ رہی ہوتی ہیں جن سے تم بالکل بے خبر ہوتے ہو!۔۔۔ دیکھیے کس قدر خیال رکھا جاتا ہے ہمارے ملک میں تخریب کاروں کا کہ انہیں کچھ کرنے سے پہلے پیشگی الارم کی سہولیات تک فراہم کی گئی ہیں۔ جس طرح کا خیال مارکیٹ کی تاجر تنظیموں اور سرکاری دفاتر کے اہل کاروں کی طرف سے ان دہشت گردوں کا رکھا جا رہا ہے‘ کاش تھوڑا بہت خیال اس مارکیٹ یا دفتر والے ہم عوام کا بھی کر لیا کریں۔۔۔عوام کی تو کھال اتارلیتے ہیں لیکن دہشت گردوں کی رہنمائی کے لیے جگہ جگہ خبردار کر دینے والے بورڈ نصب کر دیئے گئے ہیں اور نصب کیے گئے یہ بورڈ دیکھنے کے بعد تو دہشت گرد وںاور چور ڈاکو ئوں کے دلوں سے ان کے لیے دعائیں نکلتی ہوں گی کہ اﷲ بھلا کرے ان لوگوں کا جن کے ذہنوں میں ’’خبردار۔۔۔کیمرے کی آنکھ آپ کو دیکھ رہی ہے‘‘ جیسے قیمتی الفاظ تخلیق کرنے کا خیال آیااور اﷲ بھلا کرے ان فیصلہ سازوں کا جنہوں نے وسیع پیمانے پر جگہ جگہ ہماری وارداتوں کے لیے منتخب کردہ مقامات یعنی بینکوں، دفتروں، ریلوے اسٹیشنوں ، سڑکوںاور مارکیٹوں کے باہر یہ بورڈ نصب کرانے کے احکامات جاری کر رکھے ہیں۔ دہشت گرد اور ڈاکو شکر ادا کر رہے ہیں کہ پاکستان میں اس سوچ کے بہترین دماغ رکھنے والے افسران خالی ہاتھ پر ہاتھ دھرے نہیں بیٹھے رہتے بلکہ وہ با اختیار ہیں اور ان کی با لغ نظری اور دور اندیشی کی بدولت ہم ان کے ’’کیمروں‘‘ کی آنکھوں سے بچ بچا کر اپنا کام کر رہے ہیں‘ ورنہ تو سب کب کے پکڑے گئے ہوتے؟۔ کہتے ہیں کہ ایک تخریب کار اپنے کسی ساتھی سے کہہ رہا تھا کہ ایک دفعہ جب وہ فلاں بازار اور دفتر میں واردات کر نے کے لیے داخل ہوا تو اس نے باہر نصب کیے گئے اس عبارت والے بورڈ کی طرف دیکھا تو اسے ایسا لگا کہ وہ بورڈ مجھے سرگوشیوں میں ڈانٹتے ہوئے کہہ رہا ہے ارے بیوقوف۔۔۔ اگر تم اس جگہ بے خبری میں بم رکھو گے یا چوری ڈا کے کی کوشش کرو گے کہ تو مفت میں مارے جائو گے کیونکہ کیمرے کی آنکھ تو تمہیں صاف دیکھ رہی ہے جس میں تمہاری تمام نقل و حرکت اور بعد میں واردات کے دوران کی جانے والی تمام کارروائی کی ریکارڈنگ ہو رہی ہے اور اس میں تم واضح طور پر نظر آ رہے ہو۔ تم تو اپنی طرف سے یہ واردات کرنے کے بعد چلے جائو گے اور سمجھو گے کہ تمہیں کسی نے نہیں دیکھا لیکن جب بعد میں قانون نافذ کرنے والے ادارے اور خفیہ ایجنسیاں اس کیمرے کی فلمیں چیک کریں گی تو تم اور تمہارا سر سے لے کر پائوں تک پورا وجود اس میں سے جھانک رہا ہو گا اور جب چند گھنٹوں بعد اس فلم کو ملک کے تمام ٹی وی چینلز پر بار بار دکھایا جائے گا تو چند ہی منٹوں میں اس فلم کی مدد سے تمہاری شناخت ہو جائے گی اور یہ شناخت کرنے والے کوئی اور نہیں بلکہ تمہارے ہی دوست‘ رشتہ دار اور گلی محلے کے لوگ ہوں گے۔۔۔۔ اس لیے بہتر ہے کہ ہوش کے نا خن لو اور عقل کو استعمال کرو ۔۔۔ قرآن مقدس میں اﷲ سبحانہ و تعالیٰ کا فرمان ہے ’’حشر کے دن جب تم سب ایک ایک کر کے میرے پاس حاضر کیے جائو گے تو تم دنیا میں اپنے کئے گئے کسی بھی عمل کو جھٹلا نہ سکو گے کیونکہ تمہاری آنکھ، زبان ،ہاتھ اور پائوں تمہارے ایک ایک عمل کی تمہارے ہی خلاف گواہی دیں گے‘‘۔ ایک کیمرے تو وہ ہیں جو دہشت گردوں اور ڈاکوئوں کو خبردار کرنے کے لیے انسانوں کی طرف سے لگائے گئے ہیں لیکن ایک کیمرہ اﷲ کریم نے بھی ہم سب پر نصب کیا ہوا ہے جو ہماری ہر حرکت‘ چاہے ہم کسی مارکیٹ میں ہوں‘ کسی دفتر میں ہوں‘ کسی عدالت میں ہوں یا کسی مسجد ‘خانقاہ‘ چرچ‘ مندر میں‘ کسی پرانے بڑ کے درخت کے نیچے ہوں یا گردوارے میں‘ کسی میدان میں ہوں‘ کسی تہہ خانے میں ہوں‘ کسی گاڑی میں ہوں‘ کسی جہاز میں ہوں‘ وزیر اعظم ہائوس میںہوں ، ایوان صدر میں ہوں یا کسی مورچے یا سرنگ میں‘ کسی ہائی کورٹ میں ہوں یا سپریم کورٹ میں‘ دن کا چمکتا ہوا اُجالا ہو یا رات کی سیاہی‘ کی فلم بندی کر رہا ہے اور روز محشر یہ سی ڈی ہر انسان کے ہاتھوں میں تھما دی جائے گی تاکہ وہ خود سب کے سامنے بیٹھ کر اپنے اعمال دیکھ سکے۔ انسانوں کے نصب کیے گئے کیمرے تو بجلی نہ ہونے کی صورت میں بند ہو جاتے ہیں‘ ایڈٹ کیے جا سکتے ہیں‘ تصویریں دھندلی بھی ہوسکتی ہیں‘ جرم کرنے والے ان کیمروں کی فلمیں ضائع بھی کر سکتے ہیں لیکن اﷲ پاک کا نصب کیا ہوا کیمرہ کبھی بند نہیں ہوتا‘ اس کی بنائی ہوئی فلم نہ تو ایڈٹ ہو سکتی ہے اور نہ ہی ضائع۔ اﷲ تعالیٰ کا وہ کیمرہ ہماری ہر ہر حرکت کی فلم بندی میںدن رات مصروف ہے‘ لہٰذا یہاں پر کوئی بھی واردات کرنے سے پہلے‘ کوئی بھی ظلم اور زیا دتی کرنے سے پہلے‘ کسی کا حق مارنے سے پہلے‘ کسی کو لُوٹنے سے پہلے‘ کسی سے نا انصافی کرنے سے پہلے‘ کم تولنے سے پہلے‘ ملاوٹ کرنے سے پہلے‘ جعل سازی کرنے سے پہلے‘ کسی کے گھر بار پر نا جائز قبضہ کرنے سے پہلے اپنے چاروں طرف نظریں دوڑاتے ہوئے اچھی طرح دیکھ لیں… کہیں کیمرے کی آنکھ آپ کو دیکھ تو نہیں رہی…!!