"MABC" (space) message & send to 7575

اندھیرے میں وار مت کریں

میاں نواز شریف سمیت مسلم لیگ نون پوری کوشش سے سادہ لوح عوام کے ذہنوں میں یہ تاثر ٹھونسنے کی کوشش کررہی ہے کہ میاں صاحب کے خلاف کوئی ثبوت نہ ملنے پر انہیں اقامہ کی بنیاد پر نااہل کر دیا گیا ہے‘ بھلا یہ بھی کوئی جرم ہے؟ اگر سچ سننے کی تاب رکھتے ہیں توجناب والا امارات کی جس ایف زیڈ ای کمپنی کا آپ اقامہ رکھتے ہیں جس کے آپ چیئر مین ہیں وہی لندن اورورجن آئی لینڈ میں آپ کی بارہ کمپنیوں کی اصلی ماں ہے اور یہی وہ ڈالروں کی مشین ہے جو پاکستان لندن اور پھر دنیا کے چھ دوسرے ممالک سے اکٹھے کئے جانے والے سرمائے کو اس کمپنی کے گودام میں جمع کرتی ہے ۔ پنجاب ہائوس میں مسلم لیگ نواز کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے افواج پاکستان پر براہ راست تابڑ توڑ حملے کئے اور سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بنچ کے اپنی نا اہلی کے فیصلے کو زبردست تنقید کا نشانہ بنایا اس اجلاس میں کچھ ارکان نے سپریم کورٹ کے اس فیصلے پر شیم شیم کے نعرے بھی لگائے جسے پاکستان ٹیلی ویژن کے ذریعے سے دنیا بھر نے سُنا۔ 
میاں نواز شریف نے اجلاس کو بڑے فخر سے بتایا ''اﷲکا شکر ہے کہ مجھے پر پاکستان کاایک پیسہ لوٹنے کا الزام بھی ثابت نہیں ہو سکا مجھے جس الزام کے تحت نااہل کیا گیا وہ یہ ہے کہ دوران جلا وطنی متحدہ عرب امارات میں چند روزہ قیام کے بعد واپس برطانیہ آنے کیلئے قانونی تقاضے پورے کرنے کی خاطربیٹے حسن نواز کی بنائی گئی کمپنی کی چیئرمین شپ قبول کرنا پڑی۔حضور والا ! پاکستان سے روزانہ ہزاروں لوگ دوبئی جاتے ہیں۔ دوبئی کا ویزہ تو دس پندرہ ہزار روپے زائد دینے پر ٹکٹ لینے کے ساتھ ہی مل جاتا ہے ِ خدا کا خوف کریں اس قدر جھوٹ ! آپ قوم کو یہ کیوں نہیں بتاتے کہ یہی وہ کمپنی ہے اور اقامہ ہے جس کے ذریعے آپ نے ڈالروں کے گودام بھرے۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف نے اپنی بے گناہی اور معصومیت ثابت کرنے کے لیے سپریم کورٹ پر کیچڑ اچھالا ہے اور خود کو نظریاتی لیڈر ثابت کرتے ہوئے افواج پاکستان کے افسران اور نوجوانوں کے درمیان تفریق پیدا کرنے کی جو کوشش کی ہے وہ ڈھکی چھپی نہیں کیونکہ وہ1999 سے ہی بھارت سے امن کی آشا اور سیفما کے نام سے کام کرنے والے بعض میڈیا گروپس کے نظریات کو اپنا منشور اور مقصد بنا ئے ہوئے ہیں یہی وجہ تھی کہ کارگل جنگ کے دوران امریکی اخبارات میں افواج پاکستان کے خلاف'' روگ آرمی‘‘ کے اشتہارات چھپوائے گئے تب نواز شریف صاحب نے لاہور کے آواری ہوٹل میں بھارت سے آئے صحافیوں کے ایک گروپ کے اعزاز میں دیئے جانے والے ظہرانے میں بطور مہمان خصوصی تقریر کرتے ہوئے کہا تھا'' جنرل مشرف نے کارگل کر کے واجپائی کی پیٹھ میں چھرا گھونپا ہے‘‘ محترم نواز شریف صاحب !جس طرح آپ نے بیس اپریل کو جے آئی ٹی کی تشکیل پر سپریم کورٹ کے فیصلے کو پڑھے بغیر مٹھائیاں اور بھنگڑے ڈالے تھے اسی طرح آپ نے اٹھائیس جولائی کو سپریم کورٹ کے سنائے گئے فیصلے کو پڑھے بغیر سادہ لوح لوگوں کو گمراہ کرنے کیلئے '' گوئبلز کے طریقہ کار کا سہارا لیا‘‘ اور یہی کام آپ کے حواری اور میڈیا سیل انجام دیئے جا رہا ہے۔
آپ اپنے قانونی ماہرین سے کہیں کہ وہ سپریم کورٹ سے نا اہل کئے گئے اراکین اسمبلی کے فیصلوں کا ریکارڈ دکھائیں تو آپ کو پتہ چل جائے گا کہ اب تک متعدد اراکین اسمبلی انہیں الزامات پر نا اہل کئے جا چکے ہیں۔اگر آپ یا آپ کے ترجمانوں کی فوج ظفر موج سر جوڑ کر جائنٹ انٹیرو گیشن ٹیم کی رپورٹ کے تمام حصوں کا مطالعہ کرے تو یہ بات ظاہر ہو جائے گی۔ آپ کی بیرون ملک جو 13 کمپنیاں سامنے آئیں ہیں ان میں سے 9 برطانیہ، تین برٹش ورجن آئی لینڈ اور ایک متحدہ عرب امارات میں واقع ہے اور ۔۔۔۔امارات کی''کیپیٹل ایف زیڈ ای ‘‘ کمپنی ان تمام کمپنیوں کا سٹیٹ بینک ہے؟ ۔
قوم کو جس جھوٹ اور پراپیگنڈے کے ذریعے گمراہ کیا جا رہا ہے ان کی اطلاع کیلئے عرض ہے کہ شریف خاندان کی ان تیرہ کمپنیوں میں سے بارہ کمپنیاںنہ جانے کیوں سخت خسارے میں جا رہی ہیں اور صرف متحدہ امارات والی یہی ایک کمپنیFZE انہیں مسلسل بھر پور منا فع دیئے جا رہی ہے جس کے بارے میں قوم کو بتایا جا رہا ہے کہ یہ تو میرے بیٹے نے صرف امارات میں ایک دو دن قیام کیلئے قائم کی تھی تاکہ شرائط پوری کرکے لندن میں رہا جا سکے ۔۔۔۔جناب والا !قوم کو سچ بتائیں کہ یہی وہ ایف زیڈ ای کمپنی ہے جس کے ذریعے دوسری کمپنیوں کو پاکستان کے اندر اور باہر اپنے وسیع کاروبار کیلئے سرمایہ فراہم کیا جاتا رہا۔۔۔۔ مسلم لیگ نواز کے ترجمانوں کو اب یہ بھی بتانا پڑے گا کہ برطانیہ میں قائم بارہ کمپنیوں کو خسارہ کیوں ہو رہا ہے؟۔ ایسا تو نہیں کہ FZE کے نام سے کام کرنے والی کمپنی جو جبل علی امارات میں قائم ہے وہاں ٹیکس کی چھوٹ ہونے کی وجہ سے دنیا بھر کا سرمایہ گھوم پھر کر اسی میں واپس آتا رہا اور اسی کمپنی سے کالے دھن کی سفیدی کیلئے سرمایہ پاکستان پہنچایا جاتا رہا۔
معاشی اور تفتیشی ماہرین کا کہنا ہے کہ جس کمپنی کی بنیاد پر میاں نواز شریف کو اس کا چیئر مین ثابت ہونے پر نا اہل قرار دیا گیا ہے در اصل یہ منی لانڈرنگ کیلئے استعمال کی جانے والی سرنگ کا پہاڑ ہے۔یاد رکھئے جب سچ نے غالب آنا ہوتا ہے جب باری تعالیٰ جھوٹ کو سب کے سامنے ننگا اور بے نقاب کرنے کا فیصلہ کر لیتا ہے تو پھر وہ غلطیاں کرانا شروع کرا دیتا ہے اور جرم کرنے والوں کی آنکھوں اور عقل پر ایسی پٹیاں باندھتا ہے کہ وہ یہی سمجھنا شروع کر دیتے ہیں کہ ہمیں کوئی بھی نہیں دیکھ رہا؟۔آپ قوم کو جتنا چاہے مزید بیوقوف بنائیں انہیں جھوٹ سے جس قدر چاہے گمراہ کریں کہ میاں نواز شریف کو لندن فلیٹس اور آف شور کمپنیوں کا جرم ثابت ہونے پر تو سزا دی نہیں اور ایک اقامہ جیسی معمولی بات پر تمام عمر کیلئے نا اہل قرار دے دیا گیا ہے ۔ حضور سچ یہ ہے کہ متحدہ عرب امارات کی'' کیپیٹل ایف زیڈ ای‘‘ کمپنی ہی شریف خاندان کی تمام منی لانڈرنگ کی ماں ہے۔ دنیا کے ہر حصے سے گھومتے ہوئے ڈالروں کے چشمے اسی دریا میں گرتے ہیں۔سپریم کورٹ کے جاری کردہ احکامات کے تحت جب نیب کی جانب سے تیار کئے گئے ریفرنس قوم کے سامنے آئیں گے تو پھر سب جان جائیں گے کہ '' یہ لوگ سپریم کورٹ اور پھر افواج پاکستان پر اندھیرے میں ہی تیر چلاتے رہے ہیں ۔سابق وزیر اعظم سے درخواست ہے کہ آپ نریندر مودی اور واجپائی سے اپنی دوستی پر جتنا چاہے فخر کریں اور بھارت کی ''را‘‘ اور اس کی افواج کے مالی مددگار سجن جندال سے جب اور جہاں چاہیں جتنی مرضی ملاقاتیں کریں وہ بھارت جو اسلام آباد میں ہونے والی سارک کانفرنس میں شرکت سے انکار کر دیتا ہے وہ مودی جو پاکستان کو پانی کے ایک ایک قطرے سے محروم کر رہا ہے ۔۔انہیں بے شک اپنی سالگرہ اور گھریلو شادیوں میں مدعو کریں۔۔۔۔ لیکن ہمارے وطن عزیز کی عدلیہ اور اس کی محافظ افواج پاکستان کو اپنے ذاتی انتقام کا نشانہ مت بنائیں۔۔۔کیونکہ ہمیں اپنے اس وطن میں رہنے کیلئے ایک مضبوط عدلیہ اور فوج کی ضرورت ہے...!!

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں