"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں، متن اور انجم قریشی

ملکۂ برطانیہ دولتِ مشترکہ اقوام میں یادگاری
تبدیلیوں کی مظہر تھیں: شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ''ملکۂ برطانیہ دولتِ مشترکہ اقوام میں یادگاری تبدیلیوں کی مظہر تھیں‘‘ اور چونکہ ہم بھی دولتِ مشترکہ میں شامل ہیںسو ہم نے بھی یادگاری تبدیلیاں لانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی اور ملک میں ہماری لائی ہوئی تبدیلیاں رہتی دنیا تک یاد رکھی جائیں گی جن میں سب سے اہم معاشی تبدیلی ہے کہ محض حفاظتی اقدامات کے تحت ملک کا بیشتر پیسہ یا تو دوسرے ملکوں میں منتقل کر دیا گیا یا اثاثے بنا کر ملک کی شان و شوکت میں اضافہ کیا گیا،اس لیے یہ کردار بھی کسی سے کم نہیں ہے۔ آپ اگلے روز اسلام آباد سے ٹویٹ کے ذریعے ایک بیان جاری کر رہے تھے۔
حکمران غربت نہیں‘ غریب مکائو پالیسی لائے: شیخ رشید
سابق وفاقی وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ''حکمران غربت نہیں‘ غریب مکائو پالیسی لائے‘‘ اور اس میں بھی بری طرح ناکام رہے کیونکہ غریب تو اسی طرح چلتے پھرتے ہیں اور ان کی صحت پر کوئی اثر نہیں پڑا جبکہ یہ ویسے بھی بہت سخت جان ہوتے ہیں اور صرف ظاہری طور پر لاغر اور کمزور نظر آتے ہیں جس سے لگتا ہے کہ یہ خاصے سمجھدار بھی ہیں کیونکہ لگتے کچھ ہیں اور اندر سے ہوتے کچھ ہیں اور اس سے انہوں نے حکمرانوں کو بھی خاصی مصیبت میں ڈال رکھا ہے، اس لیے حکومت کو کوئی بھی پالیسی سوچ سمجھ کر اختیار کرنی چاہیے۔ آپ اگلے روز راولپنڈی سے ایک بیان جاری کر رہے تھے۔
عمران غلط فہمی میں مبتلا‘ کسی کو انہیں مائنس
کرنے میں دلچسپی نہیں: شیری رحمن
وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمن نے کہا ہے کہ ''عمران خان غلط فہمی میں مبتلا ہیں، کسی کو انہیں مائنس کرنے میں دلچسپی نہیں‘‘ بلکہ ہمیں تو ہر گز نہیں ہے کیونکہ ہم تو صرف انتظار کر رہے ہیں کہ یہ پُرمسرت لمحہ کب آتا ہے اور ہمیں میدان کھلا ملتا ہے جبکہ ہماری اس سلسلے میں ساری کوششیں ناکام ہو چکی ہیں اور اب یہ کیسز پر منحصر ہے کہ یہ مبارک فیصلہ کب ہوتا ہے کیونکہ اپنے آپ کچھ نہیں ہوتا ، قدرت خود ہی اسباب پیدا کر دیتی ہے اور ہمیں بھی اس کے لیے اسی سے رجوع کرنا پڑا ہے اور اسباب کے تحت ہی حکومت نے کیسز بنائے ہیں‘ وگرنہ ہم تو اس سارے کھیل سے دور ہی ہیں۔ آپ اگلے روز اسلام آباد سے ایک بیان جاری کر رہی تھیں۔
پی ٹی آئی کی جھوٹ پر مبنی
سیاست چل رہی ہے: رانا تنویر
وفاقی وزیر اور مسلم لیگ نواز کے رہنما رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ ''پی ٹی آئی کی جھوٹ پر مبنی سیاست چل رہی ہے‘‘ جبکہ دیگر کی جھوٹ پر مبنی سیاست چلنے کا نام ہی نہیں لے رہی حالانکہ جھوٹ ہر حالت میں جھوٹ ہی ہوتا ہے، اس لیے یا تو باقیوں کی سیاست بھی چلنی چاہیے یا پھر پی ٹی آئی کی سیاست بھی بند ہو جانی چاہیے کیونکہ ایک ملک میں دو معیار برداشت نہیں کیے جا سکتے جبکہ اتحادیوں کی سیاست سفید جھوٹ پر مبنی ہوتی ہے اور اسی لیے شفاف اور صاف ستھری ہوتی ہے جو پی ٹی آئی کی رنگارنگ سیاست سے کہیں بہتر اور افضل ہے اس لیے عوام کو اس امتیازی رویے پر غور کرنا چاہیے۔ آپ اگلے روز ایک نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں شریک تھے۔
مجھے تو پتا ہی نہیں کہ اروشی روٹیلا کون ہے: کرکٹر نسیم شاہ
پاکستانی کرکٹر نسیم شاہ نے کہا ہے کہ ''مجھے تو پتا ہی نہیں کہ اروشی روٹیلا کون ہیں‘‘ اور اس بھارتی اداکارہ کے ساتھ میرا سکینڈل بنانے سے پہلے میرا کم از کم ان سے تعارف تو کروا دیا جاتا جبکہ چھوٹی موٹی ملاقات میں بھی کوئی مضائقہ نہیں تھا لیکن خواہ مخواہ کا یہ گناہِ بے لذت میرے کھاتے میں ڈال دیا گیا کہ کھایا نہ پیا‘ گلاس توڑا بارہ آنے یا کم از کم انہیں میرا موبائل نمبر ہی بتا دیا جاتا کہ وہ اس ضمن میں کوئی تردیدی یا تائیدی بیان جاری کر سکتیں، یہ میرے علاوہ ان کے ساتھ بھی زیادتی ہے اوراب مجھے الٹے سیدھے خواب بھی آنا شروع ہو گئے ہیں۔ آپ اگلے روز دبئی سے ایک وضاحتی بیان جاری کر رہے تھے۔
اور‘ اب آخر میں انجم قریشی کے پنجابی مجموعۂ کلام ''دُوجا پاسا‘‘ میں سے شاعری:
پاڑے پئی...
گِدّا پاندے ساہ میرے دیکھ کے مکھڑا تیرا
توں تے کھڑکایا وی نہیں دل دا بوہا میرا
ہوش اُڑا دیندی اے میرے، ماہی تیری موہ
کسے نہ پاسے دھیان پوے جد لگی تیری لو
مائی جہی کوئی ہیر نہیں، نہ لبھدے رانجھے نیں
ساڈے تے نہ دُکھ کٹھے تے نہ سُکھ سانجھے نیں
پاڑے پئی ہوئیں آں میں ہُن مرضی مولا دی
کلپن پاوے جھولی وچ یا مورت ڈھولا دی
میرے جیہا
کدی سِدھے موندھے پیندے نہیں
اسیں ساہ اکٹھے ہن لیندے نہیں
اوہنوں بھورا فرق پیا وی اے
اوہدے کول کوئی میرے جیہا وی اے
اوہنوں ہار کے آپ وی ہار گئی
کوئی گل سی بس جیہڑی مار گئی
میں اپنے آپ توں لکُ گئیاں
میں تھکی نہیں راہواں مُک گئیاں
آج کا مطلع
حد ہو چکی ہے شرم شکیبائی ختم ہو
بہتر ہے اب دعا کی پذیرائی ختم ہو

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں