"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں ، متن اور نوید ملک

نواز شریف صرف لیڈر اور بڑے بھائی نہیں
میری طاقت کا ستون ہیں: شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ''نواز شریف صرف لیڈر اور بڑے بھائی نہیں‘ میری طاقت کا ستون ہیں‘‘ جبکہ ہم دونوں اور ہماری سیاست کی طاقت کا ستون وہ اثاثے ہیں جو محض قدرت کی دین ہیں جبکہ اس اعتبار سے ہم ایک دوسرے کا ستون بھی ہیں جبکہ یہ ستون بننے کے لیے ہم نے دن رات محنت کی ہے اور لندن کے دورے کا مقصد بھی قوتوں کا مجتمع کرنا اور نئی طاقت کا حصول ہے اور جب بھی طاقت کمزور پڑنے لگتی ہے تو لندن کا ایک دورہ کر لیا جاتا ہے جس سے جسم میں نئی توانائی آ جاتی ہے اور ملک کو قوم کی خدمت کے لیے دوبارہ سے تازہ دم ہو جاتا ہوں ۔ آپ اگلے روز لندن سے ایک ٹویٹ پر اپنے خیالات کا اظہار کر رہے تھے۔
ڈینگی ایشو پر سیاست کرنا
انتہائی خطرناک ہے: اختر ملک
صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر اختر ملک نے کہا ہے کہ ''ڈینگی ایشو پر سیاست کرنا انتہائی خطرناک ہے‘‘ کیونکہ جب دوسری کئی بیماریاں موجود ہیں جن پر دن رات سیاست ہو سکتی ہے اور انہیں خاطر میں بھی نہیں لایا جا رہا تو ڈینگی پر طبع آزمائی کی کیا ضرورت ہے اور چونکہ یہ بیماریاں لاتعداد ہیں اس لیے ان پر سیاست کرنے کی گنجائش اور مواقع بھی لاتعداد ہیں اور ان پر سیاست کرنے کے لیے کھلا میدان موجود ہے جبکہ جتنی زیادہ بیماریوں پر یہ کام ہوگا، سیاست میں اتنی ہی ورائٹی بھی آئے گی اور اب تو طرح طرح کی بے شمار اقسام کی بیماریاں میسرہیں لہٰذا ان پر سیاست کر کے پہلے ان کاحق ادا کرنا چاہئے۔ آپ اگلے روز صوبائی ڈینگی مانیٹرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
عمران خان کے تماشے بند ہونے
کا وقت آ چکا: مریم اورنگزیب
وفاقی وزیراطلاعات اور مسلم لیگ نواز کی مرکزی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ''عمران خان کے تماشے بند ہونے کا وقت آ چکا‘‘ اور یہ تماشا ان کی حکومت ختم ہونے کے ساتھ ہی ختم ہو جانا تھا مگر جس طرح عجلت میں پی ڈی ایم نے حکومت سنبھالی اور اس کے بعد جس طرح قدم قدم پر اتنے گل کھلائے کہ پورے ملک کو گلزار کر دیا‘ اس سے عمران خان کی سیاست کو ایک نئی زندگی مل گئی ہے اور اب وہ مزید توانا ہو کر سامنے آئے ہیں مگر حکومتی اتحاد اس کا بھی کوئی توڑ ڈھونڈ رہا ہے اور جلد ہی اس حوالے سے کوئی نہ کوئی حل تلاش کر لیا جائے گا۔ اس معاملے میں جتنی دیر ہو رہی ہے‘ اتنا ہی ہمارے لیے بہتر ہے کیونکہ دیر میں ہی خیر ہوتی ہے اور اسی لیے کہا گیا ہے کہ دیر آید درست آید بلکہ یہ بھی کہ سہج پکے سو میٹھا ہو، لہٰذا پوری قوم اس میٹھے سے استفادہ کرنے کے لیے پوری طرح تیار بیٹھی ہے۔ آپ اگلے روز اسلام آباد سے ایک بیان جاری کر رہی تھیں۔
وزیراعظم ملک و فوج کے مفاد میں
بہترین تقرری کریں گے: احسن اقبال
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور مسلم لیگ نواز کے مرکزی رہنمااحسن اقبال نے کہا ہے کہ ''وزیراعظم ملک و فوج کے مفاد میں بہترین تقرری کریں گے‘‘ البتہ دیکھنا یہ بھی ہوگا کہ یہ تقرری ان کے اپنے مفاد میں کب تک رہتی ہے کیونکہ یہ ان کی روایت رہی ہے کہ بعد میں یہ اپنے ہی تعینات کردہ افراد کے ساتھ چپقلش شروع کر دیتے ہیں شاید اس لیے کہ ان کے خیال میں وہ ساری توقعات پوری نہیں ہوتیں جن کے لیے یہ تقرری کی گئی ہوتی ہے، نیز ہمارے ہاں سبق حاصل کرنے کا بھی کوئی رواج نہیں ہے، اس لیے منتظر رہنا چاہئے کہ یہ چاند ماری کب شروع ہو کر کس انجام کو پہنچتی ہے۔ آپ اگلے روز ایک نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں شریک تھے۔
سیاست میں آئی تو اپنی
پارٹی بناؤں گی: آمنہ الیاس
اداکارہ آمنہ الیاس نے کہا ہے کہ ''سیاست میں آئی تو اپنی پارٹی بناؤں گی‘‘ کیونکہ جوں جوں وقت گزرتا جا رہا ہے اداکاری اپنے آپ ہی چھوٹ جائے گی جس کے بعد کچھ نہ کچھ کرنا ہی پڑے گا اور اس حوالے سے سیاست سب سے بہتر میدان ہے کیونکہ اس میں ہر طرح اور ہرعمر کا آدمی کھپ جاتا ہے جبکہ اپنی سیاسی پارٹی بنانے کی ضرورت اس لیے پڑے گی کہ موجودہ ساری جماعتیں میری شمولیت کے لیے سخت زور آزمائی شروع کردیں گی اور اس کھینچا تانی میں کئی افراد کے زخمی ہونے اور کپڑے وغیرہ پھٹنے کا احتمال ہے؛ چنانچہ میرے لیے اپنی پارٹی بنانا ضروری ہو گیا ہے جس کی صدارت کے لیے میں خود موجود ہوں اور سیکرٹری جنرل کی تلاش شروع کر دی گئی ہے کہ اس طرح قطرہ قطرہ جمع ہو کر ہی دریا بنتا ہے۔ آپ اگلے روز ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں شریک تھیں۔
اور‘ اب آخر میں نوید ملک کی تازہ غزل:
ہمیں یہ چاند ستارے بھی در بدر کریں گے
ہم آسماں سے کہیں دُور تک سفر کریں گے
ہمارے حق میں چہکنے لگے ہیں سب پنچھی
ہمارے ساتھ سکونت کئی شجر کریں گے
اسی روانی میں اپنا جنوں لٹائیں گے
جو دشت راہ میں آئے گا معتبر کریں گے
ہمارے عہد میں اتنا گھنا اندھیرا ہے
چراغ سارے جلیں گے تو کچھ اثر کریں گے
وہ شہر جس میں خدائی کا اُن کو دعویٰ ہے
خدا نے چاہا وہیں زندگی بسر کریں گے
مہاجرت کا لیا ہے ازل سے لطف نویدؔ
قیام ا پنے بدن میں بھی مختصر کریں گے
آج کا مقطع
جب سے دیکھا ہے ظفرؔ خواب شبستان خیال
بسترِ خاک پہ سونا ہوا دشوار مجھے

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں