"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں ، متن اورتازہ غزل

ملک میں آٹے کا کوئی بحران نہیں: وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ''ملک میں آٹے کا کوئی بحران نہیں‘‘ اور اس کا اظہار جگہ جگہ لگے آٹا سٹالوں پر ہو رہا ہے جہاں ہُو کا عالم ہے، اور جس چیز کا بحران ہے اس کا پہلے بھی کئی بار اظہار کر چکے ہیں اور جو مسلسل ایک معاشی دھچکاثابت ہو رہا ہے اور اب اگر دو صوبوں کی اسمبلیاں تحلیل کر دی گئیں تو یہ بحران مزید گہرا اور لاعلاج ہو جائے گاجبکہ عالمی ادارے اور دیگر ممالک قرض اور امداد دینے میں ہزار پس و پیش اور نخروں سے کام لیتے ہیں‘ کسی کے ذاتی بحران سے انہیں کیا دلچسپی ہو سکتی ہے۔ آپ اگلے روز ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
پرویز الٰہی پی ٹی آئی چھوڑ دیں تو ان
کے لیے آسانی ہوگی: سالک حسین
چودھری شجاعت حسین کے صاحبزادے اور وفاقی وزیر چودھری سالک حسین نے کہا ہے کہ ''پرویز الٰہی پی ٹی آئی چھوڑ دیں تو ان کے لیے آسانی ہو گی‘‘ جس طرح باقیوں کے لیے آسانی پیدا ہوئی ہے ورنہ ان کے وفاقی وزیر بننے کا کوئی سوال ہی پیدا نہ ہوتا اور اب‘ جبکہ پنجاب اسمبلی ٹوٹنے کے بعد وہ وزیراعلیٰ بھی نہیں رہیں گے اور بالکل ہی فارغ بیٹھ جائیں گے، اس لیے اگر وہ پی ٹی آئی چھوڑ دیں تو انہیں کسی نہ کسی جگہ ایڈجسٹ کیا جا سکتا ہے کیونکہ بیروزگاری تو ایک دن کی بھی اچھی نہیں ہوتی، اس لیے ایک عقلمند سیاستدان کی طرح اپنے نفع و نقصان کا خیال ہونا چاہئے۔ آپ اگلے روز لاہور میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
میرے خلاف جان بوجھ کر مہم
چلائی جا رہی ہے: فیصل فاروق چیمہ
عدم اعتماد تحریک میں چودھری پرویز الٰہی کو ووٹ نہ دینے والے پی ٹی آئی کے رکن پنجاب اسمبلی فیصل فاروق چیمہ نے کہا ہے کہ ''میرے خلاف جان بوجھ کر مہم چلائی جا رہی ہے‘‘ کیونکہ اگر دانستہ طور پر یا کسی بھول چُوک میں ایسا کیا جاتا تو مجھے کوئی اعتراض نہ ہوتا اور میں اُس دن کسی کی تعزیت کے لیے گیا ہوا تھا‘ جیسے گیلانی صاحب سینیٹ الیکشن میں ووٹ ڈالنے کے بجائے تعزیت کے لیے چلے گئے تھے کیونکہ الیکشن تو ہوتے ہی رہتے ہیں‘ اس طرح کے کاموں کے لیے کبھی کبھار ہی جانا ہوتا ہے اور ایک عوامی سیاستدان کو ایسی جگہوں پر جانا ہی پڑتا ہے اور اسی وجہ سے میں ووٹنگ کے لیے اسمبلی نہیں پہنچ سکا تھا۔ آپ اگلے روز لاہور میں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔
ملک و قوم کے ساتھ کھلواڑ پی ٹی
آئی کو بھگتنا پڑے گا: عمران نذیر
مسلم لیگ نواز کے رہنما عمران نذیر نے کہا ہے کہ ''ملک و قوم کے ساتھ کھلواڑ پی ٹی آئی کو بھگتنا پڑے گا‘‘ اگرچہ اس سے پہلے جو کھلواڑ کیا جاتا رہا ہے اور جو بوجہ نہیں بھگتا جا سکا‘ اُمید ہے کہ وہ بھی پی ٹی آئی ہی کو بھگتنا پڑے گا کیونکہ جو کام ہونے سے رہ گیا ہو، لگے ہاتھوں وہ بھی کر دیا جائے تو تلافیٔ مافات بھی ہو سکتا ہے جبکہ گزشتہ کھلواڑ شاید اس لیے بھگتا نہیں گیا کہ کھلواڑ کرنے والے اسے کھلواڑ سمجھتے ہی نہیں تھے بلکہ وہ معمول کی اس کارروائی کا ہی ایک حصہ تھا جو روبہ عمل ہونے سے کسی طرح رہ گیا تھا۔ آپ اگلے روز شائستہ پرویز ملک اور دیگر لیگی رہنماؤں کے ہمراہ لاہور میں ایک پریس کانفرنس کر رہے تھے۔
وسیم اکرم کے ہاتھوں میں
گیند بولتی تھی: سچن ٹنڈولکر
سابق بھارتی کرکٹر سچن ٹنڈولکر نے کہا ہے کہ ''وسیم اکرم کے ہاتھوں میں گیند بولتی تھی‘‘ اور ان کے ساتھ باقاعدہ باتیں اور سوال و جواب بھی کرتی تھی جس پر ہم نے کئی بار اعتراض بھی کیا لیکن ہماری کسی نے نہ سنی؛ تاہم ہم نے خود بھی بے حد کوشش کی کہ گیند ہمارے ہاتھوں میں بھی اگر زیادہ نہیں تو تھوڑا بہت ہی بولے، لیکن وہ ٹس سے مس نہ ہوئی، شاید وہ گنگ ہو جایا کرتی تھی؛ اگرچہ ہم نے اسے یہ بھی کہا کہ ہمارے ساتھ اشاروں میں ہی کوئی بات چیت کر لیا کرے‘ مگر اس نے یہ آفر بھی رد کر دی۔ آپ اگلے روز اپنی سوانح عمری میں اپنی یادوں کو تازہ کر رہے تھے۔
اور ‘ اب آخر میں اس ہفتے کی تازہ غزل:
سفر کٹتا نہیں آخر یہ کیسا راستہ ہے
کچھ ایسا لگ رہا ہے یہ تمہارا راستہ ہے
رکاوٹ بھی نہیں آگے بھی بڑھ سکتے نہیں ہیں
کوئی بتلاؤ یہ دیوار ہے یا راستہ ہے
چلے تھے ہم جہاں سے جا رہے ہیں پھر وہیں پر
قدم پیچھے ہی کو پڑتا ہے‘ اچھا راستہ ہے
تھکن سے چُور ہوں اور پاؤں زخمی ہو گئے ہیں
تمہی بتلاؤ آگے اور کتنا راستہ ہے
یہی لے جائے گا اس پر ذرا چل کے تو دیکھو
کہ باہر میں نہیں اندر ہی سارا راستہ ہے
بڑھیں گے اور بھی اندر کے یہ گہرے اندھیرے
ابھی چلتے رہیں آگے ستارا راستہ ہے
محبت کی مسافت میں یہی منزل رہے گی
یہ بیماری ہے ایسی جس کا چارہ راستہ ہے
سمجھتے ہیں کہ ہے منزل ہماری دور کتنی
کہ ٹکڑے ٹکڑے ہم ہیں پارہ پارہ راستہ ہے
ظفرؔ بے کار ہے سارا ہی‘ کھل کر بات کرنا
کہ مشکل رہ گزر ہے اور ستارا راستہ ہے
آج کا مطلع
اگر کبھی ترے آزار سے نکلتا ہوں
تو اپنے دائرۂ کار سے نکلتا ہوں

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں