"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں ، متن اوراوکاڑہ سے مسعود احمد

نواز شریف کی 9سالہ کارکردگی نکال دیں تو
کھنڈرات کے سوا کچھ نہیں ملے گا: مریم نواز
مسلم لیگ نواز کی نائب صدر اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ ''نواز شریف کی 9سالہ کارکردگی نکال دیں تو کھنڈرات کے سوا کچھ نہیں ملے گا‘‘ اور اگر یہ کارکردگی نہ بھی نکالی جائے تو پھر بھی کھنڈرات ہی ملیں گے کیونکہ اگر بیرونِ ملک اثاثوں کی خریداری کے لیے ملک سے پیسہ باہر چلا جائے تو پیچھے کھنڈرات ہی رہ جاتے ہیں جبکہ کھنڈرات کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ یہ ایک شاندار ماضی کی یاد دلاتے رہتے ہیں اس لیے مستقبل کا تو کچھ نہیں کہا جا سکتا‘ ہم نے ایک شاندار ماضی ضرور دیا ہے اور یہ کھنڈرات ایک قابلِ فخر کارنامہ ہیں۔ آپ اگلے روز پاکستان آمد پر استقبال کرنے والوں سے لاہور میں خطاب کر رہی تھیں۔
اتحادی حکومت نے معیشت کے تابوت
میں آخری کیل ٹھونک دی: سراج الحق
امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ ''اتحادی حکومت نے معیشت کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی‘‘ جس کی وجہ سے تابوت بند ہو چکا ہے اور میت کا منہ دیکھنے کا بھی کوئی امکان باقی نہیں رہا اور ایسا لگتا ہے کہ یہ آخری کیل اس نے کہیں سنبھال کر اور چھپا کر رکھی ہوئی تھی اور اس کے علاوہ کوئی اور اسے ٹھونکنے کی سعادت حاصل نہ کر سکا تھا۔
ایں کاراز تو آید و مرداں چنیں کند
اگرچہ اس تابوت میں مزید کیل ٹھونکنے کی گنجائش ہمیشہ موجود رہتی ہے۔ آپ اگلے روز بہاولپور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔
آزادی کے لیے لڑنے والوں
کی قدر نہیں کی گئی: مولانا فضل الرحمن
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر اور پی ڈی ایم کے صدر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ''آزادی کے لیے لڑنے والوں کی قدر نہیں کی گئی‘‘ جس کی سب سے بڑی مثال عمران خان ہے جو حقیقی آزادی کی جنگ لڑ رہا ہے لیکن قدر کرنے کے بجائے خان صاحب کو نااہل قرار دلوانے کی کوشش کی جا رہی ہے جبکہ ان کے ساتھ ہزار اختلافات کے باوجود ہم ان کے اس جذبے کی دل سے قدر کرتے ہیں اور دُعا گو ہیں کہ یہ حقیقی آزادی ملک کو جلد از جلد نصیب ہو اور ہمیں اس مستقل غلامی سے نجات حاصل ہو؛ اگرچہ اکثریت کو اس کی توفیق نہیں ہوئی اور وہ دورِ غلامی پر ہی اکتفا کرتے رہے ہیں۔ آپ اگلے روز پشاور میں باچا خان اور ولی خان کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔
عوام عمران خان کو دو تہائی
ا کثریت دلائیں گے: ہمایوں اختر
سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ ''عوام عمران خان کو دو تہائی ا کثریت دلائیں گے‘‘ جبکہ اب تو عوام پر ہی بھروسا کرنا پڑے گا کیونکہ اکثریت دلانے اور اقلیت کو اکثریت میں تبدیل کرنے والوں سے اب کوئی توقع نہیں رکھی جا سکتی کیونکہ کبھی ان کا موڈ ٹھیک ہوتا ہے تو کبھی خراب‘ نیز ان کے موڈ کی خرابی میں بقدرِ جثہ ہمارا بھی حصہ ہے اس لیے اس حقیقت سے باخبر رہتے ہوئے عوام پرزیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ تاکیداً عرض ہے! آپ اگلے روز لاہور میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کر رہے تھے۔
مریم نواز کا والہانہ استقبال‘ قوم نے ثابت
کر دیا وہ کس کے ساتھ ہے: جاوید لطیف
وفاقی وزیر اور مسلم لیگ نواز کے مرکزی رہنما میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ ''مریم نواز کا والہانہ استقبال‘ قوم نے ثابت کر دیا وہ کس کے ساتھ ہے‘‘ اور اس کے ساتھ ہی انتظامی مشینری نے بھی ثابت کر دیا کہ وہ کس کے ساتھ ہے حتیٰ کہ سبقت لے جانے کی جدوجہد میں کئی سکیورٹی اہلکاروں کی آپس میں دھینگا مشتی بھی ہو گئی، اگر انتظامیہ نے استقبال اور الیکشن جیسے معاملات میں ساتھ نہیں دینا تو اس کا فائدہ اور کیا ہے اور امید ہے کہ قوم نواز شریف کا استقبال کرتے ہوئے بھی ثابت کر دے گی کہ وہ کس کے ساتھ ہے‘ اگر وہ واقعی واپس آ گئے تو۔ آپ اگلے روز لاہور میں مریم نواز کے استقبال کی تصویریں شیئر کر رہے تھے۔
اور‘ اب آخر میں مسعود احمد کی غزل:
زمیں کے گرد مسلسل طواف کرتا ہے
یہ چاند رات کو دن کے خلاف کرتا ہے
کسی کسی کو معافی تو میں بھی دیتا ہوں
خدا‘ خدا ہے وہ سب کو معاف کرتا ہے
اسی لیے ہے وہ غصے میں لال پیلا ہوا
کوئی زمیں سے فلک میں شگاف کرتا ہے
وہی سوال اٹھاتا تھا ناک نقشے پر
وہی درست مرا شین قاف کرتا ہے
اسی لیے تو میں لایا گیا ہوں مقتل میں
وہ فکرو فن کا مرے اعتراف کرتا ہے
کبھی کبھی تو مرا ضبط آزماتے ہوئے
وہ اپنی پلکوں کے گوشے بھی صاف کرتا ہے
جب آ ئنے کی طرف سج سجا کے دیکھتا ہوں
تو سب سے پہلے وہی اختلاف کرتا ہے
خوشی خوشی اسے بانہوں میں بھر کے سوچتا ہوں
وہ سونے جیسا مجھے بھی صراف کرتا ہے
زمیں پہ فرش بچھاتا ہے اور اوپر سے
ٹھٹھرنے والوں پہ بادل لحاف کرتا ہے
امیرِ شہر کو کیا خبط ہے صفائی کا
ہمارے خون سے گلیوں کو صاف کرتا ہے
یہ دنیا داری کا دھندا بھی آئے دن صاحب
ہماری روح کا میلا غلاف کرتا ہے
اسی لیے تو گنہ گار ہے محبت بھی
وہ چھپ چھپا کے نہیں واشگاف کرتا ہے
آج کا مطلع
عجب کوئی زورِ بیاں ہو گیا ہوں
رکا ہوں تو پھر سے رواں ہو گیا ہوں

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں