"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں ، متن اورادریس بابر

پٹرول کی قیمت بڑھانے
کا ارادہ نہیں: مصدق ملک
وزیر مملکت برائے پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ ''پٹرول کی قیمت بڑھانے کا ارادہ نہیں‘‘ حالانکہ اصل بات تو یہ ہے کہ کوئی قیمت گھٹانے بڑھانے والے ہم کون ہوتے ہیں کیونکہ یہ محکمہ ہی سارا آئی ایم ایف کے پاس ہے اور حکومت کسی کے کام میں مداخلت کرنا پسند نہیں کرتی جبکہ حکومت کی گاڑی چلانے کے لیے ہم آہنگی اور باہمی تعاون بے حد ضروری ہے بلکہ اصل بات تو یہ ہے کہ یہ گاڑی بھی آئی ایم ایف ہی کی ملکیت ہے جبکہ ہم صرف ڈرائیونگ کر رہے ہیں اور اس بات پر مکمل یقین رکھتے ہیں کہ سب اپنی اپنی حدود میں رہیں۔ آپ اگلے روز اسلام آباد سے ایک بیان جاری کر رہے تھے۔
عدالت پیشی پر میں رویا نہیں
ماسک مانگ رہا تھا: شہباز گل
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل نے کہا ہے کہ ''عدالت پیشی پر میں رویا نہیں‘ ماسک مانگ رہا تھا‘‘ اور ماسک اس انداز سے مانگ رہا تھا کہ مخالفین سمجھنے لگے کہ میں آنسو بہا رہا تھا حالانکہ وہاں پر کسی آنسو کا نام و نشان تک موجود نہیں تھا، اور اگر ہوتا بھی تو کسی تکلیف کی وجہ سے نہیں بلکہ نزلہ و زکام کی وجہ سے ہو گا اور اکثر ایسی حالت میں آنکھوں سے پانی نکل آتا ہے اور اسی لیے میں ماسک مانگ رہا تھا لیکن یہ سب کچھ دیکھ کر بھی کسی کو خیال نہ آیا کہ مجھے ایک ماسک ہی دے دیتا۔ آپ اگلے روز لاہور میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
پی ٹی آئی کے اراکین کو خوش آمدید
کہیں گے: راجہ ریاض
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے کہا ہے کہ ''ہم پی ٹی آئی کے اراکین کو خوش آمدید کہیں گے‘‘ اور ضمیر جاگنے پر انہیں مبارک باد بھی پیش کریں گے، نیز اس طرح اُن کی تکریم میں جو اضافہ ہوگا‘ اس پر ان کی ہمت اور جرأت کو داد بھی دیں گے جیسا کہ دیگر اراکین کی عزت میں ہونے والا اضافہ اُن کے لیے روشنی کے مینار کی حیثیت رکھتا ہے اور کسی نے سچ کہا ہے کہ عزت و تکریم کے فیصلے کہیں اور ہی ہوتے ہیں جبکہ ضمیر بھی ہمیشہ صاحبِ تکریم لوگوں کا ہی جاگتا ہے جس کی مثالیں پہلے بھی موجود ہیں۔ آپ اگلے روز ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کر رہے تھے۔
اہم شخصیت سے ملنے کو کہا گیا
میں نے انکار کر دیا: شیخ رشید
سابق وفاقی وزیر اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ''مجھے اہم شخصیت سے ملنے کو کہا گیا‘ میں نے انکار کر دیا‘‘ حالانکہ میں نے تو کبھی کسی غیر اہم شخصیت کو ملنے سے بھی انکار نہیں کیا؛ چنانچہ میں اس شخصیت سے معذرت کا اظہار کرتے ہوئے عرض کرتا ہوں کہ میں تو اب اُن سے ملاقات کر نہیں سکتا؛ البتہ وہ جیل میں آ کر ملاقات کر سکتے ہیں تو آ جائیں اور اگر وہ ادھر نہیں آ سکتے تو رہائی کا انتظار کریں اور ایسے آزمائشی وقت منتخب بندوں پر آتے رہتے ہیں۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں عدالت پیشی کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کر رہے تھے۔
(ن) لیگ نے ہمیشہ خواتین کو
بااختیار بنانے کی کوشش کی: مریم نواز
سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ (نواز) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ ''(ن) لیگ نے ہمیشہ خواتین کو بااختیار بنانے کی کوشش کی‘‘ جس کی تازہ ترین اور جیتی جاگتی مثال آپ کے سامنے موجود ہے کہ سینئر نائب صدر کے ہوتے ہوئے ایک خاتون کو سینئر نائب صدر بنا دیا گیا اور پچھلوں سے استعفیٰ لینے کا تکلف بھی روا نہیں رکھا گیا اور اس دن سے ان کی طبیعت خراب رہنے لگی ہے اور وہ چند سخت بیانات دینے کے بعد انہیں واپس بھی لیتے رہے ہیں، لہٰذا اب ان سے ہمدردی ہی کی جا سکتی ہے۔ آپ اگلے روز پارٹی سیکرٹریٹ میں مختلف خواتین رہنماؤں سے ملاقات کر رہی تھیں۔
اور‘ اب آخر میں ادریس بابر کے دو عشرے:
موہنجودڑو
میٹھے پانی شکست کھا چکے ہیں
بحرِ الہامِ شور کی آواز
دل سے اٹھتی ہے سر سے آتی ہے
دور اماوس میں تھر سے آتی ہے
آخری ایک مور کی آواز
جھڑتے پر یہ سوال اٹھا چکے ہیں
کس لیے اتنے دن رہا ہوں میں
بے دلی؍ بے زخی ہے زوروں پر
منحرف سانس گن رہا ہوں میں
انگلیوں سے بچھڑتی پوروں پر
٭......٭......٭
ایک محبت کے اطراف میں
رات بھر جیسے شہر خالی تھا
چاروں جانب امڈتی راہیں تھیں
دم بہ خود، انتظار گاہیں تھیں...
وہی اس کی کشادہ باہیں تھیں
اور یہی دل سے تنگ سینہ تھا
زینہ تھا، جو خوشی سے جھومتا تھا
پست ہوٹل کے بالا خانے میں
میں کسی اور ہی زمانے میں
اُس کو بااختیار چومتا تھا
اپنے بارہ ہزار... چومتا تھا
آج کا مقطع
چکر تھے پاؤں میں کوئی شام و سحر ظفرؔ
اوپر سے میرے سر پہ سوار انتظار تھا

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں