مہنگائی میں مبتلا کرنے والوں
کو لوگ جانتے ہیں: وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ''مہنگائی میں مبتلا کرنے والوں کو لوگ جانتے ہیں‘‘ لیکن وہ اپنی وضعداری کے ہاتھوں مجبور ہو کر ان کا نام لینے سے گریز کر رہے ہیں جس کے لیے ہم ان کے انتہائی شکر گزار ہیں اور توقع کرتے ہیں کہ وہ آئندہ بھی اپنا منہ بند رکھیں گے کیونکہ معیشت کے ہاتھوں پہلے ہی کافی پریشان ہیں کہ ڈالر سارے کا سارا افغانستان چلا گیا ہے اور پیسے کی شکل دیکھے ویسے بھی ایک زمانہ ہو گیا ہے اس لیے لوگ اگر مزید خاموش رہیں تو مزید بدنامی سے بچے رہیں گے۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں الیکشن امیدواروں کے لیے اپنا پیغام جاری کر رہے تھے۔
دو دن سے اسلام آباد میں ہوں‘ لاہور میں
مجھ پر پرچہ کٹ گیا: فواد چودھری
سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ ''میں دو دن سے اسلام آباد میں ہوں‘ لاہور میں مجھ پر پرچہ کٹ گیا‘‘ حالانکہ آدمی جہاں موجود ہو اس کے خلاف پرچہ بھی وہیں کٹنا چاہیے؛ چنانچہ میرے خلاف لاہور میں پرچہ کاٹ کر اسلام آباد کے ساتھ سخت زیادتی کا ارتکاب کیا گیا ہے جو کہ ملک کا دارالحکومت ہے اور اس کی اس طرح تضحیک نہیں کی جانی چاہیے‘ جس کی تلافی اب اسی طرح سے ہو سکتی ہے کہ اسلام آباد میں بھی ایک پرچہ کاٹ کر اس عظیم شہر کی محرومی دور کی جائے۔ آپ اگلے روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنا بیان جاری کر رہے تھے۔
عمران خان کے بچے لندن میں محفوظ‘ لوگوں
کے بچے سڑکوں پر بٹھا دیے: مریم نواز
سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی، مسلم لیگ نواز کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ ''عمران خان کے بچے لندن میں محفوظ ہیں‘ لوگوں کے بچے سڑکوں پر بٹھا دیے ہیں‘‘ اگرچہ بچے قائدِ محترم کے بھی لندن میں ہی ہیں لیکن انہوں نے ان کے لیے لندن میں رہائش گاہیں بھی خرید رکھی ہیں جبکہ عمران خان کے بچوں کے نام ایک جھگی بھی نہیں ہے اور وہ اپنی ماں کے ساتھ رہنے پر مجبور ہیں جبکہ نواز شریف کے بچے قیمتی جائیدادوں کے مالک ہیں اس لیے عمران خان کو قوم کے بچوں کے بارے میں سوچنے سے پہلے اپنے بچوں کے لیے کچھ کرنا چاہئے۔ آپ اگلے روز لاہور میں پارٹی کی یوتھ کانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں۔
پی ٹی آئی نے نوجوانوں کو نفرت کی
سیاست میں دھکیل دیا: بلاول بھٹو
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ''پی ٹی آئی نے نوجوانوں کو نفرت کی سیاست میں دھکیل دیا‘‘ اور اُنہیں اپنی محبت میں مبتلا کر دیا ہے، اگرچہ کچھ کام ایسے ہوں گے کہ جن کی وجہ سے ہم سے دوری کی گنجائش نکلتی ہو گی؛ تاہم سیاست میں یہ سارا کچھ کرنا پڑتا ہے کہ یہ اس کے بنیادی اصولوں میں شامل ہے؛ البتہ ماضی قریب میں بعض ارکانِ اسمبلی کے سوئے ہوئے ضمیروں کو جگانے کا معاملہ ذرا مختلف ہے اور محسوس ہوتا ہے کہ نوجوانوں کو ضمیروں کو جگانے کے طریقے زیادہ پسند نہیں آئے۔ آپ اگلے روز نیو یارک میں اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر سے ملاقات کر رہے تھے۔
کوئی بھی اداکارہ سے شادی
نہیں کرنا چاہتا: کریتی سینون
بالی وُڈ کی معروف اداکارہ کریتی سینون نے کہا ہے کہ ''کوئی بھی اداکارہ سے شادی نہیں کرنا چاہتا‘‘ اور میں اس سلسلے میں جس قدر ہاتھ پیر مار چکی ہوں اس کا نتیجہ ناکامی ہی کی صورت میں نکلا ہے لیکن میں اگر اداکاری ترک بھی کر دوں تو سابقہ اداکارہ کہہ کر انکار کیا جا سکتا ہے؛ تاہم کسی ساتھی اداکار سے قسمت آزمائی کی کوشش ابھی باقی ہے جس کے لیے پیش رفت کرنے کا سوچ رہی ہوں لیکن اس میں بھی کامیابی کی زیادہ امید نہیں ہے اور سمجھتی ہوں کہ شاید میرے ہاتھ میں یہ لکیر ہی نہیں ہے۔ آپ اگلے روز ممبئی میں بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اپنے خیالات کا اظہار کر رہی تھیں۔
اور‘ اب آخر میں یہ تازہ غزل:
مت پوچھیے کہ کیا ہے غلط کیا غلط نہیں
ہم آپ ہی غلط ہیں‘ یہ دنیا غلط نہیں
مانا کہ ہے کہا ہوا سب آپ کا درست
میرا بیان بھی تو کچھ ایسا غلط نہیں
گنجائش اس قدر تو یہاں ہونی چاہیے
ہے جو غلط وہ اتنا زیادہ غلط نہیں
کچھ آپ بھی خیال کیا کیجیے کہ وہ
تھا ہی غلط کہ آپ نے دیکھا غلط نہیں
کچھ آپ نے سنا ہی نہیں ذوق و شوق سے
گانا وگرنہ میں نے بھی گایا غلط نہیں
نکلے نتیجہ اس کا غلط‘ اور بات ہے
ورنہ تو کچھ بھی کام ہمارا غلط نہیں
سننے میں تو درست ہی ہم کو لگا تھا وہ
اپنی طرف سے ہم نے بتایا غلط نہیں
ٹھوکر تو کھا ہی لیتا ہے اچھا بھلا بھی خود
رستا ہی نادرست ہے‘ اندھا غلط نہیں
اس عمر میں سمجھ بھی وہ باقی نہیں‘ ظفرؔ
تھا ہی غلط کہ ہم نے وہ سمجھا غلط نہیں
آج کا مطلع
کچھ سبب ہی نہ بنے بات بڑھا دینے کا
کھیل کھیلا ہوا یہ اس کو بھلا دینے کا