"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں ، متن اور کراچی سے احمد ذوہیب

مہنگائی اتنی ہے‘ سمجھ نہیں آتا
کہاں منہ چھپاؤں: وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ''مہنگائی اتنی ہے‘ سمجھ نہیں آتا کہاں منہ چھپاؤں‘‘ اور جب سے اقتدار میں آئے ہیں‘ منہ چھپانے کی کوشش ہی کر رہے ہیں لیکن اس کے لیے کوئی مناسب جگہ دستیاب نہیں ہو رہی اور ایسا لگتا ہے جیسے ہر جگہ آئینے لگے ہوئے ہیں اور جہاں بھی جاتے ہیں سامنے اپنا ہی چہرہ نظر آتا ہے، اس لیے اپنی ٹیم اور ماہرین سے گزارش کی ہے کہ وہ منہ چھپانے کی کوئی مناسب جگہ تلاش کریں اور اگر نامناسب بھی ہو تو کوئی حرج نہیں کیونکہ جس طرح کے حالات ہیں‘ جگہ بھی ایسی ہی دستیاب ہو سکتی ہے۔ آپ اگلے روز کراچی میں گورنر سندھ اور سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں کر رہے تھے۔
یہ نہ سمجھیں پارٹی چھوڑنے کے لیے پریس کانفرنس کرنے آیا ہوں: عمران خان
سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ''یہ نہ سمجھیں پارٹی چھوڑنے کے لیے پریس کانفرنس کرنے آیا ہوں‘‘ کیونکہ پارٹی چھوڑنے کے لیے پریس کانفرنس کرنا ضروری نہیں ہوتا اور جو دوست پارٹی چھوڑنے کے لیے پریس کانفرنس کر رہے ہیں وہ خواہ مخواہ ایک آسان کام کو مشکل بنا رہے ہیں اور چونکہ جان بچانا فرض ہے اور موجودہ حالات میں وہ سب اپنا فرض ہی پورا کر رہے تھے جبکہ ان میں ووٹر ایک بھی نہیں تھا کیونکہ یہ سبھی نام نہاد لیڈرز تھے‘ جو ووٹرز نہیں ہوتے۔ آپ اگلے روز لاہور میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
آڈیو لیکس کے معاملے پر حکومت سرخرو ٹھہری: رانا ثنا
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ''آڈیو لیکس کے معاملے پر حکومت سرخرو ٹھہری‘‘ اگرچہ سپریم کورٹ نے آڈیو لیکس کمیشن کو کام کرنے سے روک دیا ہے لیکن ہم اسے اپنا سرخرو ہونا ہی سمجھتے ہیں جس طرح ہم مقدمات میں سزایابی پر سرخرو ہوئے تھے اور اسی طرح امید ہے کہ آئندہ انتخابات میں بھی سرخرو ہوں گے جو تاحال کافی مشکوک نظر آ رہے ہیں کیونکہ لیڈر لوگوں سے ہی پارٹی چھڑائی جا سکتی ہے‘ عوام کو ووٹ دینے سے نہیں روکا جا سکتا لیکن پھر بھی اپنے آپ کو سرخرو ہی سمجھیں گے اور سب سے بڑی سرخروئی یہ ہو گی کہ کسی نہ کسی طرح کر کے الیکشن ہونے ہی نہ دیں۔ آپ اگلے روز ایک نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں شریک گفتگو تھے۔
پی ٹی آئی کے مایوس کارکن جماعت اسلامی
میں آئیں: سراج الحق
امیرِ جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ ''پی ٹی آئی کے مایوس کارکن جماعت اسلامی میں آئیں‘‘ کیونکہ اگر انہوں نے مایوس ہی رہنا ہے تو اس سے زیادہ اچھی جماعت انہیں کہاں مل سکتی ہے جبکہ فی الحال صورت حال سے ہم خود بھی کچھ کم مایوس نہیں ہیں کیونکہ ہم عوام کو اپنے جیسا بنانا چاہتے ہیں جبکہ عوام ہمیں اپنے جیسا بنانا پسند کریں گے اس لیے ہم دُعا ہی کر سکتے ہیں کہ عوام کو ہدایت ملے اور وہ راہِ راست پر آ جائیں اور ہمارے ساتھ مل کر ملک کی حالت سنواریں۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں کشمیری رہنماؤں سے ملاقات کر رہے تھے۔
اگرشاہد خاقان عباسی نے پارٹی چھوڑی
تو میں بھی چھوڑ دوں گا: مفتاح اسماعیل
سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ ''اگر شاہد خاقان عباسی نے پارٹی چھوڑی تو میں بھی چھوڑ دوں گا‘‘ کیونکہ جونہی حالات ذرا نارمل ہوتے ہیں اور الیکشن میں شکست سامنے نظر آنے لگتی ہے تو ہمارے ہاں بھی پارٹی چھوڑنے والوں کی قطاریں لگ جائیں گی کیونکہ عوام کو حکومت کی کارگزاریاں اچھی طرح سے یاد ہیں اور شاندار ماضی ان کی آنکھوں میں ہر وقت کھٹکتا رہتا ہے اور اب اقتدار میں آتے ہی سارے مقدمات جس طرح ختم ہو گئے ہیں‘ اسے بھی وہ کبھی بھول نہیں سکتے لہٰذا میں عباسی صاحب کو اپنی طرف سے یقین دہانی کرانا ضروری سمجھتا ہوں۔ آپ اگلے روز کراچی میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
اور‘ اب کراچی سے احمد ذوہیب کا تازہ کلام:
جتنے دکھائی دیتے ہیں اتنے بھی خوش نہیں
میرا تماشا دیکھنے والے بھی خوش نہیں
تم مجھ سے خوش نہیں ہو تو حیرت نہیں مجھے
مجھ سے تو خیر سے مرے اپنے بھی خوش نہیں
مجھ کو ملا ہے ایسا دلِ بد مزاج جو
یارانِ خوش خصال سے مل کے بھی خوش نہیں
میں بھی اداس بیٹھا ہوں بہتی ندی کے پاس
اڑتی ہوا کے ساتھ پرندے بھی خوش نہیں
تجھ کو لگا رہا ہوں گلے سے اگر‘ تو لگ!
لوگوں کو چھوڑ‘ لوگ تو ویسے بھی خوش نہیں
٭......٭......٭
ہر کسی سے نہ چھیڑ چھاڑ لگا
سرحدِ دل پہ ایک باڑ لگا
اس نے زلفوں میں پھول ٹانکا تو
یہ اضافہ مجھے بگاڑ لگا
میرے رہبر تو دیکھتے رہ گئے
جب دوبارہ مرا جگاڑ لگا
غم کوئی دن کی واردات نہیں
رفتہ رفتہ ہی یہ پہاڑ لگا
اک محبت کو منتخب کر لے
اور کونے میں سب کباڑ لگا
اس کی آنکھوں نے رنگ بدلا تو
منظرِ زندگی اجاڑ لگا
آج کا مطلع
ابھی کسی کے نہ میرے کہے سے گزرے گا
وہ خود ہی ایک دن اس دائرے سے گزرے گا

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں