"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں ، متن اور سید عامر سہیل

عمران خان نے جھوٹ بول کر نوجوانوں
کو گمراہ کیا: مریم اورنگزیب
وفاقی وزیر اطلاعات اور مسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ''عمران خان نے جھوٹ بول کر نوجوانوں کو گمراہ کیا‘‘ لیکن وہ ہمارے کہنے پر گمراہ نہیں ہوئے ورنہ اس فن میں اور کون طاق ہو سکتا ہے جبکہ جھوٹ کو سیاسی بیان تک قرار دے دیا تھا، اور ایسا لگتا ہے کہ مخالفین کا جھوٹ کسی اور قسم کا جھوٹ تھا جو اس پر غالب آ گیا۔ سو‘ اس کا کھوج لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ اُس کے مطابق اس میں کوئی مناسب ترمیم کی جا سکے، اور اس جھوٹ کا مقابلہ کیا جا سکے جبکہ سیاست کی بنیاد ہی جھوٹ پر استوار ہے لیکن اس کی قسمیں الگ الگ ہو سکتی ہیں۔ آپ اگلے روز عمران خان کی شیئر کردہ تصاویر پر اپنے ردعمل کا اظہار کر رہی تھیں۔
وہ وقت آئے گا جب عمران خان کا
ٹکٹ لینے والا کوئی نہ ہوگا: فیصل واوڈا
پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ ''وہ وقت آئے گا جب عمران خان کا ٹکٹ لینے والا کوئی نہ ہوگا‘‘ لیکن زیادہ بغلیں بجانے کی ضرورت نہیں کیونکہ وہ وقت اتنی بھی جلدی آنے والا نہیں ہے اس لیے دوسری جماعتیں اس غلط فہمی میں کہیں الیکشن پر آمادہ نہ ہو جائیں کیونکہ اگر اس کا کوئی حتمی بندوبست نہ کیا گیا تو آئندہ کم از کم دس سال تک عوام ہم سے متنفر رہیں گے اور ٹکٹ کے بھی محتاج نہیں ہوں گے کیونکہ چیئرمین پی ٹی آئی نے جس کی طرف اشارہ کرنا ہے، کامیاب اُسی نے ہونا ہے، اس لیے خاطر جمع رکھیں۔ آپ اگلے روز کراچی میں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔
موجودہ نظام کو زیادہ دیر تک ادھار
پر نہیں چلایا جا سکتا: احسن اقبال
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اور مسلم لیگ نواز کے مرکزی رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ ''موجودہ نظام کو زیادہ دیر تک ادھار پر نہیں چلایا جا سکتا‘‘ کیونکہ ویسے بھی اب تو اُدھار بھی کوئی نہیں دیتا اس لیے مانگنا تانگنا ہی واحد ذریعہ آمدن رہ گیا ہے جس کا سہارا لے کر گاڑی کو چلایا جا سکتا ہے اس لیے میں چاہتا ہوں کہ فوری طور پر ایک فنڈ قائم کیا جائے اور دوست ممالک سے امداد طلب کی جائے اور ہم سے زیادہ اس کا مستحق اور کون ہو سکتا ہے۔ آپ اگلے روزارفع کریم ٹاور میں آئی ٹی سے متعلق ایک تقریب خطاب کر رہے تھے۔
عمران خان کے ایڈوائزر ہمیشہ غلط
مشورے دیتے رہے: مراد راس
پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما مراد راس نے کہا ہے کہ ''عمران خان کے ایڈوائزر ہمیشہ غلط مشورے دیتے رہے‘‘ جن میں یہ خاکسار بھی شامل تھا اور غلط مشورے دینے کی کوئی خاص وجہ نہیں تھی کیونکہ سرِ دست وہی مشورے دستیاب تھے جو ان کو دیے گئے اور میں وہی دے سکتا تھا اگرچہ ادھر اُدھر صحیح مشوروں کی بہت تلاش کی لیکن دستیاب نہیں ہو سکے اس لیے وہی کچھ دینا تھا جو پاس موجود تھا کیونکہ اگر صحیح مشورے پاس ہوتے تو وہ بروئے کار آتے، اُن کا کون سا اچار ڈالنا تھا؟ جبکہ دوسرے ایڈوائزروں کا بھی یہی حال تھا بلکہ اگر سچ پوچھیں تو ان کے مشورے سب سے بھی بدتر ہوتے تھے۔ آپ اگلے روز ایک نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں اظہارِ خیال کر رہے تھے۔
اسد عمر تاریخ مسخ نہ کریں: فیصل کریم کنڈی
وزیر مملکت فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ ''اسد عمر تاریخ مسخ نہ کریں‘‘ اور کوئی کام حکومت کے لیے بھی رہنے دیں کیونکہ یہ کام اُن سے کہیں بہتر طور پر کیا جا سکتا ہے اور کر بھی رہے ہیں اور شکر کریں کہ ہم نے جغرافیہ یا کوئی اور مضمون نہیں چھیڑا اور تاریخ مسخ کرنے پر ہی قناعت کی، اس لیے راہ کرم ہمارے کام میں مداخلت کے بے جا کے مرتکب نہ ہوں نہ ہی وہ یہ کام ہم سے بہتر طور پر کر سکتے ہیں جبکہ ویسے بھی اچھے سیاستدانوں کو ایک دوسرے کے کام میں دخل اندازی نہیں کرنا چاہئے تاکہ سیاسی ہم آہنگی بھی قائم رہے اور جمہوریت کی گاڑی بھی چلتی رہے۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔
اور اب آخر میں عامر سہیل کی پنجابی شاعری:
ساڑ کے سٹی
تکھی نیند مزاجاں پِٹی
ساڑ کے سٹی
ساوا رِسّے
جُتی وچ پتاوا رِسّے
ساوا رِسّے
قہر دے اندر
کس دے بُلھ نیں زہر دے اندر
قہر دے اندر
انکھ تے ونگاں
سو سو سال پرانیاں جنگاں
انکھ سے ونگاں
٭......٭......٭
اوہ درباراں تے نہیں جاندی
پر عشق دے نفل پڑھنا نہیں بُھلدی
راتاں نوں وال کھلار کے کوٹھے تے چلدی اے
تے تاریاں نوں راہ دسدی اے
جیہڑی تاریاں نوں راہ دسّے
اوہنوں رستا کون بُھلا سکدا اے
آج کا مقطع
کہیں تو ہیں جو مرے خواب دیکھتے ہیں ظفرؔ
کوئی تو ہیں جنہیں پیارے نہیں سمجھتا ہوں

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں