"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں، متن اور رخشندہ نوید

دہشت گردی پر پوائنٹ
سکورنگ نہ کریں: وزیراعظم
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ ''دہشت گردی پر پوائنٹ سکورنگ نہ کریں‘‘ کیونکہ اگر پوائنٹ سکورنگ کے لیے دیگر لاتعداد موضوعات موجود ہیں تو اس کی کیا ضرورت ہے، اورجن میں سب سے پہلے تو اس ضمانت کا معاملہ ہے جس کی بنا پر ہمارے قائدِ محترم بیرونِ ملک مقیم ہیں اور اس پر جتنی پوائنٹ سکورنگ کی جائے گی‘ ان کی وطن واپسی اتنی ہی جلد ممکن ہوگی۔ علاوہ ازیں مخالفین اور ان کی پارٹی کے ساتھ جو ہو رہا ہے‘ اس پر بھی زیادہ سے زیادہ پوائنٹ سکورنگ ہو سکتی ہے جس میں دیر نہیں کرنی چاہئے، اس کے علاوہ کرپشن کے باقی ماندہ مقدمات کو ختم کرنے کے حوالے سے بھی پورے شدو مد سے پوائنٹ سکورنگ کی جا سکتی ہے یعنی ہمت مرداں مددِ خدا۔ آپ اگلے روز اسلام آباد سے شنگھائی تعاون تنظیم کے ورچوئل اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔
آئندہ عام انتخابات میں بھرپور قوت سے
میدان میں اتریں گے: جہانگیر ترین
استحکام پاکستان پارٹی کے پیٹرن انچیف جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ ''آئندہ عام انتخابات میں بھرپور سیاسی قوت سے میدان میں اتریں گے‘‘ جبکہ پہلے انتخابات ہم مالی قوت سے جیتا کرتے تھے لیکن اس بار ہم اپنی سیاسی قوت کو بھی بروئے کار لائیں گے جو زیادہ تر پی ٹی آئی کے منحرفین پر مشتمل ہے جبکہ ہمارا اور دیگر سیاسی جماعتوں کا مقابل ایک ہی ہے اور اس رکاوٹ کو دور کیے بغیر عام انتخابات میں شرکت کا سوال پیدا ہی نہیں ہوتا، ورنہ پہلے ہی الیکشن ہو چکے ہوتے جبکہ ہم سب کے لیے امید کی آخری کرن بھی یہی ہے کہ اگر میدان اچھی طرح صاف ہو جائے تو ہمیں اس میں اترنے میں کوئی اعتراض نہ ہوگا۔ آپ اگلے روز لاہور میں پارٹی رہنمائوں سے ملاقات کر رہے تھے۔
نیب آرڈیننس چیئرمین پی ٹی آئی
کے لیے نہیں لایا گیا: اعظم نذیر تارڑ
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ ''نیب ترمیمی آرڈیننس چیئرمین پی ٹی آئی کے لیے نہیں لایا گیا‘‘ اور صرف اپنے مقدمات کے خاتمے میں مدد کی خاطر لایا گیا ہے جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی اور ان کی جماعت پر دیگر کئی محاذوں پر پوری سنجیدگی سے کام ہو رہا ہے کیونکہ نیب قوانین سے مطلوبہ نتائج برآمد نہیں کیے جا سکتے اور اس مقصد کے لیے زیادہ مؤثر حربوں کی ضرورت ہے جنہیں یکجا کیا جا رہا ہے تاکہ یہ مسئلہ حل کرکے مکمل طور پر سرخرو ہو سکیں جبکہ یہ قوانین بدعنونی کے خاتمے کے لیے بنائے ہی نہیں گئے ورنہ اب تک کوئی بھی باہر نہ ہوتا۔ اس لیے پوری تسلی رکھیں کہ اس سلسلے میں کوئی کوتاہی رونما ہونے نہیں دی جائے گی۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔
نوازشریف کو چوتھی بار وزیراعظم
بننے سے کوئی نہیں روک سکتا: جاوید لطیف
وفاقی وزیر جاوید لطیف نے کہا ہے کہ ''نوازشریف کو چوتھی بار وزیراعظم بننے سے کوئی نہیں روک سکتا‘‘سوائے مخالفین کے جن سے جان چھڑانا بے حد ضروری ہے جبکہ اس کے علاوہ ایک بڑی رکاوٹ اور بھی ہے جو ایک مقدمے میں سزایابی کی صورت میں موجود ہے اور ایک مقدمہ ابھی زیرِسماعت بھی ہے؛ چنانچہ یہ معمولی رکاوٹیں دور ہوتے ہی وہ واپس آکر چوتھی بار وزیراعظم بن جائیں گے؛ اگرچہ وہ دبئی اور لندن میں بیٹھے بیٹھے بھی وزیراعظم بن سکتے ہیں، بس اب صرف چند اور ممالک کی کسر باقی رہ گئی ہے وہ بھی جلد پوری ہو جائے گی۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
سب کو اس بات پر فخر ہے
کہ میں ثنا فخر نہیں رہی: ثنا
اداکارہ ثنا نے کہا ہے کہ ''پورے پاکستان کو اس بات پر فخر ہے کہ میں اب ثنا فخر نہیں رہی‘‘ کیونکہ جب سے میری اور فخر کی راہیں جدا ہوئی ہیں‘ سب نے اس پر فخر کرنا شروع کردیا ہے حالانکہ اگر میں نے دوسری شادی کی بھی تو ظاہر ہے کہ قرعہ فال کسی ایک ہی کے نام نکلے گا لہٰذا پورے ملک کو اس پر خوشی کے شادیانے بجانے کی ضرورت نہیں ہے اور یہ قوم کے حوصلے کی بات ہے کہ وہ علیحدگی پر فخر کر رہی ہے حالانکہ یہ قوم بات کا بتنگڑ اور رائی کا پہاڑ بنانے میں یدطولیٰ رکھتی ہے‘ اس لیے کسی کو اس پر حیران یا پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ آپ اگلے روز ٹی وی شو میں اپنے خیالات کا اظہار کر رہی تھیں۔
اور‘ اب آخر میں رخشندہ نوید کی غزل
دکھی ہوں مگر دکھ کی ماری نہیں ہوں
ابھی زندگی سے میں ہاری نہیں ہوں
کرے مجھ کو سر سبز بارش کا موسم
تو میں بس فقط اک تمہاری نہیں ہوں
بہت پیاس اور دل کی وحشت سے گزری
کسی جوگ میں ہوں بھکاری نہیں ہوں
کھڑی ہوں میں لے کر پرندوں کا دانہ
شجر کی عنایت سے عاری نہیں ہوں
پڑے رہ گئے خط ترے گھر کے باہر
میں قرطاس پر یادگاری نہیں ہوں
کہاں مجھ سے لکھے گئے ہیں قصیدے
وظیفے کی صورت سو جاری نہیں ہوں
میں ہوں ابر جیسی‘ ہوا سے سُبک ہوں
کئی غم اٹھا کر بھی بھاری نہیں ہوں
ہوئی سُرخرو اپنی جاں دے کے اس کو
اسے جس کو میں جاں سے پیاری نہیں ہوں
آج کا مطلع
نہ کوئی زخم لگا ہے نہ کوئی داغ پڑا ہے
یہ گھر بہار کی راتوں میں بے چراغ پڑا ہے

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں