نوازشریف ہی ملک کو مہنگائی اور بجلی بلوں
میں اضافے سے بچائیں گے: مریم نواز
سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کی صاحبزادی‘ مسلم لیگ نواز کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ ''نواز شریف ہی ملک کو مہنگائی اور بجلی بلوں میں اضافے سے بچائیں گے‘‘ اور چونکہ ڈاکٹرز انہیں واپسی کی اجازت نہیں دے رہے‘ اس لیے وہ یہ کام لندن میں بیٹھے بیٹھے ہی سرانجام دیں گے جو ان کے لیے کوئی مشکل کام نہیں ہے، اور اگر مشکل ہو بھی تو وہ اسے آسان بنا لیں گے جیسے انہوں نے لندن روانگی کو بنایا تھا اور حکومت دیکھتی کی دیکھتی ہی رہ گئی تھی یا جیسے اب طویل عرصے سے انہوں نے لندن میں اپنے قیام کو ممکن بنا رکھا ہے‘ اس لیے کوئی بھی کام ان کے لیے ناممکن نہیں ہے ۔ آپ اگلے روز پارٹی کے ویمن اور یوتھ ونگ کے عہدیداروں سے خطاب کر رہی تھیں۔
عمران خان عمر بھر کے لیے حکمران
رہنا چاہتے تھے: پرویز خٹک
سابق وزیر اعلیٰ کے پی پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ''عمران خان عمر بھر کے لیے حکمران رہنا چاہتے تھے‘‘ لیکن میں نے انہیں روک دیا ورنہ وہ اب تک حکمران ہوتے، ہم چونکہ کفایت شعاری پر یقین رکھتے ہیں‘اسی لیے تا حیات حکمرانی نہیں چاہتے بلکہ ہمارے لیے دس‘ پندرہ سال ہی کافی ہوں گے، اس لیے اس خوبی کی داد دیتے ہوئے اس خواہش کو پورا کیا جائے تاکہ ملک و قوم کی وہ خدمت کی جا سکے جو قبل ازیں وزارتِ اعلیٰ کے دور میں نہیں کی جا سکی، ویسے بھی قوموں کی زندگی میں دس‘ پندرہ سال کوئی اتنا لمبا عرصہ نہیں ہوتا اور پلک جھپکنے میں ہی گزر جایا کرتے ہیں بلکہ اگر مطالبہ کیا جائے تو اس عرصے میں سے ایک‘ دو ماہ کم بھی کیے جا سکتے ہیں اور پوری امید ہے کہ اس قربانی کا خیال ضرور رکھا جائے گا۔ آپ اگلے روز مانسہرہ میں ایک جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔
آئی پی پی ملک کو مشکلات
سے نکالے گی: فردوس عاشق
استحکام پاکستان پارٹی کی ترجمان ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ''آئی پی پی ملک کو مشکلات سے نکالے گی‘‘ اور اس سے بھی پہلے خود کو اُن مشکلات سے نکالنے کی کوشش کرے گی جو نئی جماعت بنا کر اس نے اپنی راہ میں کھڑی کی ہیں اور چونکہ پارٹی کے بیشتر افراد کا تعلق دیگر جماعتوں کے منحرفین سے ہے جس کی قطعاً کوئی ضرورت نہیں تھی مگر اب اس کے نتائج بھی بھگتنا پڑیں گے، اور اگر اس میں کامیاب ہو گئے تو ملک کو مشکلات سے نکالنے میں بھی کامیاب ہو سکتے ہیں کیونکہ پہلی کامیابی ہی دوسری کامیابی کی ضمانت ہوا کرتی ہے اس لیے عوام ہماری پہلی کامیابی کے لیے دعا کریں‘ دوسری کامیابی خود ہی مل جائے گی۔ آپ اگلے روز سیالکوٹ کے گائوں کوٹلی سیداں میں مختلف سیاسی وفود سے ملاقات کر رہی تھیں۔
نوازشریف کا وطن واپسی پر بھرپور
استقبال کیا جائے گا: حشمت شاہ
مسلم لیگ (ن) کے رہنما حشمت شاہ نے کہا ہے کہ ''نوازشریف کا وطن واپسی پر بھرپور استقبال کیا جائے گا‘‘ اور یہ صرف ان کی واپسی سے مشروط ہے کیونکہ فی الحال تو متعدد دیگر رہنما بھی لندن سدھار گئے ہیں جن میں شہباز شریف اور اسحاق ڈار وغیرہ بھی شامل ہیں؛ تاہم قوم ان کا انتظار کرتی رہے گی اور جب تک وہ نہیں آتے، ان کی آمد کی خبروں ہی سے دل کو بہلاتی رہے گی اور اگر پارٹی رہنمائوں کے عازمِ لندن ہونے کا سلسلہ اسی طرح جاری رہا تو پھر میاں صاحب کے یہاں آنے کے بجائے قوم کے خود لندن جانے کا پلان بھی زیرِ غور آ سکتا ہے۔ آپ اگلے روز پارٹی رہنما ملک سیف الملوک کھوکھر کو نئی ذمہ داریاں ملنے پر مبارکباد پیش کر رہے تھے۔
مثالی مرد وہ ہے جو خواتین
کو بااختیار بنائے: صنم جنگ
اداکارہ اور ٹی وی میزبان صنم جنگ نے کہا ہے کہ ''مثالی مرد وہ ہے جو خواتین کو بااختیار بنائے‘‘ اگرچہ خواتین پہلے ہی اس حد تک بااختیار ہیں کہ حسبِ ضرورت اپنے مردوں کی طبیعت وغیرہ درست کر سکتی ہیں؛ تاہم انہیں مزید بااختیار بنانے کی ضرورت ہے کیونکہ اکثر مرد ایسے نازک لمحات میں ون فائیو پر فون کر دیتے ہیں جس پر پولیس آ جاتی ہے اور سارا مزہ کرکرا ہو جاتا ہے حالانکہ مرد کی شان یہ ہے کہ وہ صابر و شاکر ہونے کا ثبوت دے اور یہ سمجھے کہ اس کی بہتری اسی میں ہے کہ جو اس پر گزرتی ہے، گزر جانے دے اور ہمتِ مرداں مددِ خدا کے توکل سے اپنی زندگی کے دن پورے کرے، نیز عورت جتنی بااختیار ہو گی‘ مرد کی عزت میں اتنا ہی اضافہ ہوگا۔ آپ اگلے روز کراچی سے انسٹاگرام پر ایک سٹوری شیئر کر رہی تھیں۔
اور‘ اب آخر میں عثمان ناظر کی ایک غزل:
ہجر کا خوف بھی‘ وحشت بھی‘ پشیمانی بھی
تم سمجھتے ہو جسے عشق‘ ہے نادانی بھی
اک تو احباب بھی میرے ہیں ذرا تند مزاج
اور کچھ میری طبیعت میں ہے طغیانی بھی
دوستو! ترکِ تعلق کا سبب بنتی ہے
بعض اوقات محبت کی فراوانی بھی
میرے ہمراہ مقید ہے مرے کمرے میں
در و دیوار سے لپٹی ہوئی ویرانی بھی
تم اگر یوں ہی تسلسل سے مجھے تکتے رہے
ختم ہوجائے گی اک روز یہ حیرانی بھی
اس قدر بھیڑ میں چھونا تجھے ناممکن تھا
میں نے آواز اگرچہ تری پہچانی بھی
اک فقط میں ہی نہیں تھا دمِ رخصت بے چین
عرق آلود ہوئی تھی تیری پیشانی بھی
ڈر نہیں ہوتا کسی طور بھی لُٹ جانے کا
ایک نعمت ہے مجھے بے سر و سامانی بھی
آج کا مقطع
اس کائنات کی کوئی حد ہی نہیں ظفرؔ
اپنا ہی اس نے طرز رکھا ہے خلاؤں میں