قرض میں جکڑے ملکوں کے لیے
لائحہ عمل بنانا ہوگا، نگران وزیراعظم
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ''قرض میں جکڑے ملکوں کے لیے لائحہ عمل بنانا ہوگا‘‘ جن میں سے پاکستان کے لیے کوئی ٹھوس لائحہ عمل بے حد ضروری ہے کیونکہ یہ ابھی تک ایسا کوئی لائحہ عمل نہیں بنا سکا حالانکہ اس کے مختلف طریقے دستیاب ہیں جن پر عمل کرکے ملک کے قرضے اتارے جا سکتے ہیں جن میں سب سے زیادہ ضروری ملک سے لوٹی دولت کو واپس لانا ہے جس سے نہ صرف سارے قرضے ادا ہو سکتے ہیں بلکہ پاکستان قرضہ دینے والے ملکوں میں بھی شامل ہو سکتا ہے، اس کے علاوہ جو بڑے بڑے آدمی ٹیکس نہیں دیتے انہیں ٹیکس نیٹ میں لانے سے یہ مسئلہ حل ہو سکتا ہے جبکہ مفت بجلی روک کر اور بجلی چوری کا قلع قمع کرکے بھی کافی آسودگی پیدا ہو سکتی ہے لیکن ایسا سب کچھ کرنے سے یکسر قاصر ہیں۔ آپ اگلے روز امریکہ میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مباحثہ سے خطاب کر رہے تھے۔
انتقام پر یقین نہیں رکھتے: مریم نواز
سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کی صاحبزادی، مسلم لیگ نواز کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ ''میں اور نوازشریف انتقام پر یقین نہیں رکھتے‘‘ کیونکہ جو کچھ گزشتہ ادوارِ حکومت میں کیا گیا اور جس سے ملک اور عوام کی یہ حالت ہو گئی ہے اُسے انتقام ہر گز نہیں کہا جا سکتا بلکہ یہ سب کچھ جانتے بوجھتے ہوئے عوام کی طرف سے بار بار منتخب کرنے کا تحفہ تھا، جبکہ انتقام ایک آٹو میٹک جذبہ ہے جس کیلئے یقین اور ارادے کی ہرگز کوئی ضرورت نہیں ہوتی اور یہ اپنے آپ ہی کام کرتا رہتا ہے اور کسی کو کانوں کان خبر بھی نہیں ہوتی۔ آپ اگلے روز ماڈل ٹائون لاہور میں ایم ایس ایف کی ایک تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔
نگران حکومت میں سات بندے
(ن) لیگ کے ہیں: خورشید شاہ
پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ''نگران حکومت میں سات بندے مسلم لیگ (ن) کے ہیں‘‘ جبکہ اس میں ہماری نمائندگی آٹے میں نمک کے برابر ہے، اس لیے ضروری ہے کہ یہ کمی پوری کی جائے تاکہ لیول پلیئنگ فیلڈ کا مقصد اور خواب پورا ہو سکے اور جس کی طرف ہمارے چیئرمین بھی بار بار توجہ دلا چکے ہیں لیکن ابھی تک اس حق تلفی کا ازالہ نہیں کیا جا سکا جو کہ انتخابات کیلئے از حد ضروری ہے ۔ اگرچہ انتخابات کا ابھی سر پیر نظر نہیں آ رہا کیونکہ سیاسی جماعتیں اس کے جلد انعقاد کے حق میں نہیں ہیں کیونکہ اس ضمن میں کسی جماعت کیلئے بھی حالات سازگار نہیں ہیں؛ تاہم انتخابات جب بھی ہوں‘ سیاسی جماعتوں کے لیے لیول پلیئنگ کااہتمام تو بہرحال ہونا ہی چاہئے۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
(ن) لیگ نوجوانوں کے روشن مستقبل
کی ضمانت ہے: سیف الملوک کھوکھر
مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر سیف الملوک کھوکھر نے کہا ہے کہ ''(ن) لیگ نوجوانوں کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے‘‘ کیونکہ وہ جوانوں اور بزرگوں سے مکمل طور پر مایوس ہو چکی ہے جبکہ جوان لوگوں میں سے بیشتر تو پہلے ہی مخالفین کے ساتھ ہیں صرف بچے ہمارے ساتھ ہیں جو اب نوجوان ہو رہے ہیں۔ اگرچہ وہ بھی ابھی مکمل طور پر ساتھ نہیں ہیں؛ تاہم ہمیں ان سے پوری پوری امیدیں ہیں اور ان بچوں سے بھی جو ابھی تک پیدا ہی نہیں ہوئے ،اس لیے انہیں چاہئے کہ جلدی جلدی پیدا ہوں۔ آپ اگلے روز لاہور میں کارکنوں سے گفتگو کر رہے تھے۔
پی پی محاذ نہ کھولے‘ ہم لڑنا نہیں چاہتے: عطا تارڑ
مسلم لیگ نواز کے رہنما عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ '' پیپلز پارٹی محاذ نہ کھولے‘ ہم لڑنا نہیں چاہتے‘‘ کیونکہ فی الوقت تو اپنی پڑی ہوئی ہے کہ قائد محترم کی واپسی میں پھر کوئی اڑچن آ گئی ہے اور وطن واپس آنے کے بجائے انہوں نے شہباز شریف اور مریم نواز کو لندن بلا لیا ہے، نیز ہم لڑنا اس لیے بھی نہیں چاہتے کہ نگران حکومت میں سات افراد تو ہمارے اپنے ہیں اور لیول پلیئنگ سے بھی زیادہ سہولت حاصل ہے؛ تاہم مشورے کے بعد پی پی کا ایک آدھ بندہ اور بھی لیا جا سکتا ہے لیکن یہ لڑائی سے نہیں بلکہ افہام و تفہیم سے ہونا چاہئے کیونکہ اگر لڑ ائی ہی کرنی ہے تو وہ انتخابات کے بعد ہی اچھی لگے گی۔ اس سے پہلے تو یہی صورتحال ہو گی کہ
لڑتے لڑتے ہو گئی گم
ایک کی چونچ اور ایک کی دُم
آپ اگلے روز ایک نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں شریک تھے۔
اور‘ اب آخر میں قمر رضا شہزاد کی شاعری:
جو ہر لمحہ کوئی جنگ چھڑی ہے مجھ میں
میں نہیں جانتا کیا آگ بھری ہے مجھ میں
خشک ہوتا نہیں میں آگ سے بھی دھوپ سے بھی
جانے وہ آنکھ ہے کیا جس کی نمی ہے مجھ میں
میں کسی شخص کے بھی کام نہیں آ سکتا
دکھ تو یہ ہے کوئی نیکی نہ بدی ہے مجھ میں
تو مجھے وقت کی گردش کے حوالے سے نہ دیکھ
ایک لمحہ ہوں مگر ایک صدی ہے مجھ میں
کوئی لے جائے اسے یونہی اٹھا کر شہزادؔ
اک محبت ہے جو بے کار پڑی ہے مجھ میں
٭......٭......٭
مری چشمِ نم میں رواں دواں مری آگ ہے
میرے اشک اشک نہیں میاں مری آگ ہے
میں بھڑک رہا ہوں کئی زمانوں سے اپنے گرد
مرے ہر طرف یہ جو ہے دھواں مری آگ ہے
کوئی میرے حجرۂ دل کی سمت نہ آ سکے
میں نے ہر کسی سے کہا یہاں مری آگ ہے
میں دہک رہا ہوں جہانِ ماہ و نجوم میں
تو جو دیکھتا ہے یہ کہکشاں مری آگ ہے
میں ہوں ایک لمحۂ شر کسی کو پتا نہیں
یہ خدا و بندہ کے درمیاں مری آگ ہے
آج کا مقطع
بینائی سے باہر کبھی اندر مجھے دیکھے
ممکن ہی نہیں ہے وہ برابر مجھے دیکھے