زونگ ڈائیوو مسافروں کو مفت 3G سپرانٹرنیٹ فراہم کریگی

زونگ ڈائیوو مسافروں کو مفت 3G سپرانٹرنیٹ فراہم کریگی

معاہدہ طے پاگیا، مسافر اپنے پیاروں کیساتھ مستقل رابطے میں رہینگے ، صدر ڈائیوو

لاہور(سٹاف رپورٹر)پاکستان کی جدید ترین اور 3G اور4G ٹیکنالوجی کی حامل واحدٹیلی کام کمپنی زونگ نے گزشتہ روز ایک پر وقار تقریب میں ڈائیوو پاکستان ایکسپریس بس سروس کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے جس کے تحت موٹروے پر دورانِ سفر ڈائیوو کے مسافروں کو مفت Super 3G انٹرنیٹ سروس فراہم کی جائے گی۔ زونگ وہ واحد ٹیلی کام کمپنی ہے جو پوری موٹر وے پر بلا تعطل بہترین3G انٹرنیٹ سروس فراہم کر رہی ہے ۔صرف یہ نہیں، زونگ اپنے صارفین کیلئے ونگل، ڈونگل اورMiFi پر مشتمل موبائل براڈ بینڈ ڈیوائسز کی وسیع رینج بھی متعارف کرا چکی ہے ۔یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ مفت انٹر نیٹ نہ صرف تمام مسافروں کیلئے ہے بلکہ اس کیلئے مسافروں کے پاس زونگ کی سم ہونابھی ضروری امر نہیں ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے زونگ کے چیف کمرشل آفیسر بابر باجوہ نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ زونگ اپنے صارفین کو جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ ڈیٹا سروس فراہم کرنے میں ہمیشہ کامیاب رہی ہے ۔ چیئرمین پی ٹی اے ڈاکٹر سید اسماعیل کاکہنا تھا کہ ہمارا مقصد ہے کہ پاکستان میں ٹیلی کام کی سہولیات ہر خاص و عام کو میسر ہوں اور زونگ کا کردار اس ضمن میں قابلِ ستائش ہے ۔ڈائیوو پاکستان ایکسپریس بس سروس کے صدر سی آئی پارک کا کہنا تھا کہ ہمارے مسافر موٹر وے پردوران سفر اپنے پیاروں سے مستقل رابطے میں رہ سکیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں