لوبیا کی کاشت فروری کے آخر تک کرلیں : ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ
پنجاب کے آبپاش علاقوں میں لوبیا کی نئی اقسام کو دو موسموں میں کامیابی سے کاشت کیا جاسکتا ہے ،ماہر شعبہ اگرانومی
فیصل آباد(آن لائن)ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے ماہر شعبہ اگرانومی عباس علی گلِ نے کاشتکاروں کو سفارش کی ہے کہ موسم بہار میں لوبیا کی کاشت کابہترین وقت فروری کے آخر تک ہے ۔ فروری میں کاشت شدہ فصل سبزی کیلئے مئی کے شروع میں تیار ہو جاتی ہے ۔ پنجاب کے آبپاش علاقوں میں لوبیا کی نئی اقسام کو دو موسموں میں کامیابی سے کاشت کیا جاسکتا ہے لوبیا میں خشک سالی برداشت کرنے کی صلاحیت دوسری فصلوں کے مقابلہ میں زیادہ ہے ۔ اس کا دانہ بے حد مقوی اور لذیذ ہوتاہے اور پاکستان سمیت دیگر ممالک میں بھی لوگ اسے بڑے شوق سے کھاتے ہیں۔ لوبیاکو بطور چارہ بھی کاشت کیا جاتا ہے ۔ اس کا چارہ لذیذہونے کے علاوہ زود ہضم بھی ہوتا ہے اور دودھ دینے والے جانوروں کیلئے بے حد مفید ہے ۔ لوبیا کی بطور چارہ کاشت کی ہوئی فصل 60 سے 70 دن میں تیار ہو جاتی ہے ۔سبز پھلیوں کی چنائی موسم بہار میں تقریباً اڑھائی سے تین ماہ بعد شروع ہو جاتی ہے اور تقریباً ایک ماہ بعد تک جاری رہتی ہے ۔ بیج کیلئے فصل کی کٹائی مئی کے آخر میں کی جاتی ہے ۔