بینک 25ہزار ماہانہ منتقلی کی سہولت مفت فراہم کریں، اسٹیٹ بینک
ماہانہ حد کے بعد ہر ٹرانزیکشن پر 0.1فیصد رقم یا 200روپے چارج ہوسکتے ہیں
کراچی (اسٹاف رپورٹر)اسٹیٹ بینک نے بینکوں کو یہ ہدایت کردی ہے کہ وہ انفرادی صارفین کو ماہانہ کم ازکم 25ہزار روپے فی اکاؤنٹ/ والٹ ڈیجیٹل طریقے سے رقوم منتقل کرنے کی سہولت مفت فراہم کریں،تاہم بینک رقم کی مجموعی حد کو بڑھا بھی سکتے ہیں،اس طرح انفرادی صارفین کو اپنی ماہانہ حدود میں رہتے ہوئے زیادہ سے زیادہ مرتبہ رقوم کی منتقلی کا موقع ملے گا۔ 25 ہزار روپے فی اکاؤنٹ کی ماہانہ حد عبور ہونے کے بعد بینک اپنے صارفین سے ہر ٹرانزیکشن پر اس کی 0.1 فیصد رقم یا 200 روپے ، جو بھی کم ہو، چارج کرسکتے ہیں۔ اس کی مدد سے خدمات کے فراہم کنندگان کو بین البینک رقوم کی منتقلی پر آنے والی لاگت کا کچھ حصہ وصول کرنے اور پائیدار اور اختراعی بزنس ماڈل تشکیل دینے میں مدد ملے گی،تاہم نئی ہدایات میں بینکوں کی حوصلہ افزائی کی گئی ہے کہ وہ ملک میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کو فروغ دینے کی غرض سے اپنے صارفین کو ڈیجیٹل طور پر رقوم کی بلامعاوضہ منتقلی کی خدمات فراہم کریں۔