سی ای او اسٹیل مل کی مدت ملازمت میں توسیع کی سفارش

سی ای او اسٹیل مل کی مدت ملازمت میں توسیع کی سفارش

ادارہ بحالی کے مراحل میں ،سی ای او کوبرقرار رکھنا انتہائی اہم ،سیکریٹری

کراچی(رپورٹ:مظہر علی رضا)اسٹیل مل کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے وزارت صنعت وپیداوار سے سی ای او اسٹیل مل کی مدت ملازمت میں ایک سال کی توسیع کرنے کی سفارش کی ہے ۔اسٹیل مل کے کمپنی سیکریٹری کی جانب سے وزارت صنعت و پیداوار کو ارسال کیے گئے خط میں سفارش کی گئی ہے کہ بورڈ آف ڈائریکٹرز نے سی ای او اسٹیل مل بریگیڈیئر(ر)شجاع حسن خوارزمی کی مدت ملازمت میں20اگست2021سے مزید ایک سال کی توسیع کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے ،خط کے مطابق بورڈ آف ڈائریکٹرز کا خیال ہے کہ اس وقت اسٹیل مل بحالی کے مراحل میں ہے اور ٹرانزیکشنز کا عمل اگلے مرحلے میں پہنچ گیا ہے اور ایسے میں اسٹیل مل کے موجودہ سی ای او کا اپنے عہدے پر برقرار رکھنا انتہائی اہم ہے ۔خط میں وزارت و صنعت و پیداوار سے درخواست کی گئی ہے کہ اسٹیل مل کی بحالی کے عمل کی اہمیت کے پیش نظر سی ا ی او اسٹیل مل کی مدت ملازمت میں ایک سال کی توسیع کی جائے تا کہ ادارے کی بحالی کا عمل بلارکاوٹ جاری رہ سکے ،دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ سی ای او اسٹیل مل کی مدت ملازمت میں توسیع کی سمری تیار کرلی گئی ہے جس پر متعلقہ اتھارٹی کے دستخط درکار ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں