سعودی عرب کا براہ راست تجارت کو فروغ دینے پرزور

سعودی عرب کا براہ راست تجارت کو فروغ دینے پرزور

تجارتی وسرمایہ کاری تعاون کووسعت دینے کا ارادہ رکھتے ہیں،سفیر نواف بن سعید ، سی پیک اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری سے بھر پور فائدہ اٹھایا جا سکتا ،وفاقی چیمبر

اسلام آباد(آئی این پی )سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے تجارتی رکاوٹوں کو دور کرنے اور براہ راست راستے سے تجارت کو فروغ دینے کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب دونوں کے پاس بے پناہ قدرتی وسائل ہیں جنہیں دو طرفہ تعلقات کو بڑھانے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ روز صدر ایف پی سی سی آئی میاں ناصر حیات مگو کی سربراہی میں وفد سے ملاقات کے دوران کیا ،اس موقع پردوطرفہ باہمی تجارت کو مضبوط بنانے ، مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری ، بزنس کمیونٹی کے مابین روابط بڑھانے اور وفود کے تبادلوں سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کو ایک بڑھتی ہوئی معیشت کے طور پر دیکھنا چاہتا ہے کیوں کہ یہ پوری امت مسلمہ کیلئے بہت اہم ملک ہے ۔ سفیر نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ تجارتی اور سرمایہ کاری تعاون کو مزید وسعت دینے کا ارادہ رکھتا ہے ،پاکستان میں اقتصادی ترقی کے بہت زیادہ امکانات ہیں جنہیں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کیلئے زیادہ موثر طریقے سے اجاگر کیا جانا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی دنیا میں پاکستان کے بارے میں غلط فہمیوں کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اس کی حقیقی معاشی صلاحیت کو کھولا جا سکے ۔میاں ناصر حیات مگو نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کا خواہاں ہے کیوں کہ دونوں ممالک کے پاس بہت سے شعبوں میں تجارت کو فروغ دینے کی وسیع گنجائش موجود ہے ۔ سعودی عرب پاکستان کا ایک اہم تجارتی پارٹنر ہے ۔ پاکستان CPEC کے تحت بہت سے خصوصی اقتصادی زونز قائم کر رہا ہے اور سعودی عرب کے سرمایہ کاروں کو ان رونز میں سرمایہ کاری کے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں