نئے ٹیکسز نے وزیراعظم کے پیکیج کو زیرو کردیا ، ظفر بختاوری

نئے ٹیکسز نے وزیراعظم کے پیکیج کو زیرو کردیا ، ظفر بختاوری

کاروباری طبقے اور قومی اسمبلی کے اراکین پر مشتمل کمیٹی اقدامات کا جائزہ لے

اسلام آباد (نمائندہ دنیا)یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سیکریٹری جنرل ظفر بختاوری نے کہا ہے کہ ملک بھر میں پراپرٹی کی قیمتوں کے تعین اور ٹرانسفر کیلئے جن نئے ٹیکسز کا اعلان کیا گیا ہے اس نے وزیراعظم عمران خان کے کنسٹرکشن پیکیج کو زیرو کردیا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ ملک میں سرمایہ کاری کے رجحان کا مکمل خاتمہ کر دیا ہے ۔ گزشتہ روزاپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہمارا سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ جو پالیسیاں بنائی جاتی ہیں اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں نہیں لیا جاتا اور بزنس کمیونٹی کو ملک دشمن تصور کیا جاتا ہے ، اس پالیسی سے ملک کی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا، انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ ان اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے کاروباری طبقے اور قومی اسمبلی کے اراکین پر مشتمل کمیٹی بنائی جائے جس میں قومی اسمبلی کی فنانس کمیٹی کے اراکین شامل ہوں جو ان اقدامات کے حوالے سے جائزہ لے کر اپنی سفارشات پیش کر یں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں